میسور روڈ کی پلائی ووڈ دکان میں آگ،4کروڑ کی لکڑی جل کر تباہ فائر سرویس کے 50اہلکاروں نے 26گاڑیوں کے ذریعہ آگ پر قابو پایا

بنگلورو۔16جنوری(سا لار نیوز)پلائی ووڈ دکان میں لگی آگ کی وجہ سے کروڑوں روپیوں کے پلائی ووڈ کی لکڑی جل کر تباہ ہو جانے کا واقعہ میسور روڈپرگذشتہ درمیانی شب پیش آیا۔میسور روڈ کے نیو ٹمبر یارڈ لے آؤٹ میں مو جود نوین کمار نامی شخص کی ”ریلائنس پلے ووڈ کارپوریشن“ نامی دکان میں ہفتے کی درمیانی شب اچانک آگ لگ گئی۔بتا یا جا تا ہے کہ آگ لگنے کی وجہ سے دکان میں رکھی 4 کروڑ روپے سے زیادہ کی پلائی ووڈ سمیت دیگر لکڑی جل کر تباہ ہو چکی ہے۔ہفتے کی رات12.45بجے اچانک پلائی ووڈ کی دکان میں آگ لگی اور تھوڑی ہی دیر میں آگ نے ساری دکان کو لپیٹ میں لے لیاجس کی وجہ سے دکان میں رکھی پلائی ووڈ اور لکڑی جل کر تباہ ہو گئی۔اطلاع پا کر فائر بریگیڈ سرویس کا عملہ اور بیٹ رائن پورہ پو لیس مو قع پر پہنچی۔فائر سرویس کے50سے زیادہ جوانوں نے 26گاڑیوں کی مدد سے کافی دیر تک جدوجہد کرنے کے بعدآگ پر قابو پایا۔بتایا جا تا ہے کہ نوین کمار گپتا گذشتہ دس سال سے یہاں دکان چلا رہے ہیں،انہوں نے بتا یا کہ آگ لگنے کی وجہ سے انہیں 4کروڑ روپے کا نقصان پہنچا ہے۔اس سلسلے میں دستاویزات پیش کرنے کے لئے کہا گیا ہے۔آگ لگنے کی وجہ معلوم نہیں ہو سکی۔ تاہم پو لیس کی ابتدائی جانچ سے پتا چلا ہے کہ آگ بجلی کے شارٹ سرکیوٹ کی وجہ سے لگی ہے۔ فائر سرویس عملہ اس کی جانچ کر رہا ہے۔آگ لگے ریلائنس پلے ووڈ دکان کے بازو ہی گیس سلنڈروں کا گودام ہے جہاں 500سے زیادہ سلنڈرس رکھے ہو ئے تھے۔ فائر سرویس عملہ اور بیٹ رائن پورہ پو لیس نے فوری کارروائی کرتے ہو ئے گودام میں رکھے تمام سلنڈرس کو دوسری جگہ منتقل کر دیا، ورنہ بڑا حادثہ پیش آسکتا تھا۔بیٹ رائن پورہ پو لیس نے معا ملہ درج کر لیا ہے اورمزید جانچ جاری ہے۔