31جنوری کو یوگی آدتیہ ناتھ شہر میں گووند راج نگر حلقے میں ملٹی اسپیشلٹی اسپتال کا افتتاح کریں گے۔ وی سومنا

بنگلورو۔15جنوری(سالار نیوز)گووند راج نگر اسمبلی حلقے کے اگراہارا داسرہلی وارڈ میں زیر تعمیر 300بستروں والے ملٹی اسپیشلٹی اسپتال کو عوام کے نام منسوب کرنے کے لئے تیاریاں جاری ہیں، 31جنوری کو اتر پر دیش کے وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ کے ہاتھوں اسپتال کا افتتاح عمل میں لایا جائے گا۔مقامی رکن اسمبلی اور ریاستی وزیر برائے ہاؤزنگ وی سومنا نے بتا یا کہ چند دن قبل انہوں نے آدی چن چن گری مٹھ کے مٹھا دیش ڈاکٹر نرمالا نند ناتھ سوامی جی اور افسران کے ساتھ اسپتال کا معائنہ کیا،اس دوران سوامی جی نے عوام کی سہولت کے لئے تمام تر طبی سہولیات سے آراستہ اسپتال تعمیر کرنے پر کافی خوشی کا اظہار کیا تھا۔انہوں نے بتا یا کہ 4منزلہ اسپتال کی عمارت میں 7آپریشن تھیٹرس،آؤٹ اور ان پیشنٹ شعبہ،نوزائدہ بچوں پر کڑی نظر رکھنے والے یونٹ،امراض قلب کی جانچ یونٹ،فیزیو تھر پی،دانتوں اور آنکھوں کی جانچ کی سہولت کے ساتھ ٹیلی روبٹ اور ٹیلی میڈیسن کی سہولت مہیا کی گئی ہے۔انہوں نے بتا یا کہ حلقے کے عوام کو بروقت طبی سہولت فراہم کرنے کے مقصد سے ان کے حلقے گووند راج نگر کے اگراہارا داسرہلی وارڈ میں ہائی ٹک ملٹی اسپیشلٹی اسپتال تعمیر کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔انہوں نے بتا یا کہ 1988-89کے دوران اس مقام پر ریفریل اسپتال موجود تھی، آدھی چن چن گری مٹھ کے بال گنگا دھر سوامی جی نے اسپتال کا دورہ کر کے اسپتال کو بڑے اسپتال میں تبدیل کرنے کا مشورہ دیا تھا۔انہوں نے بتا یا کہ بال گنگا دھر سوامی جی کے آشیر واد سے آج یہاں ہائی ٹک ملٹی اسپیشلٹی اسپتال تعمیر کیا گیا ہے۔ریاستی وزیر اعلیٰ سو منا نے بتا یا کہ 300بستروں والے اس اسپتال کا افتتاح31 جنوری کو اتر پردیش کے وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ کے ہاتھوں عمل میں لایا جائے گا۔افتتاحی تقریب میں وزیر اعلیٰ بسوا راج بومئی کے علاوہ دیگر اہم شخصیات مہمانا ن خصوصی کے طور پر شرکت کریں گے۔