ریاپیڈ روڈ کی تعمیر پر وزیر اعلیٰ کا بریک ملک کی پہلی ہی ریاپیڈ سڑک پر دراڑوں کی وجہ سے آئندہ تعمیر نہ کرنے کی ہدایت

بنگلورو۔14جنوری(سا لار نیوز)ریا پیڈ روڈ پری کاسٹ پوسٹ ٹینشننگ کانکریٹ پیو منٹ (پری کاسٹ پینل) کا استعمال کر تے ہو ئے شہر میں تعمیر کئے گئے ملک کی پہلی ریاپیڈ سڑک پر صرف ایک ماہ میں ہی دراڑ پڑنے کی وجہ سے وزیر اعلیٰ نے ریاپیڈ روڈ کی تعمیر نہ کرنے کے لئے بروہت بنگلور مہا نگر پالیکے(بی بی ایم پی) کو ہدایت دی ہے۔8دسمبر کو سی وی رامن نگر اسمبلی حلقہ کی حدو دمیں آنے والے او لڈ مدراس روڈ کو تجربہ کے طور پر375میٹر لمبی ریاپیڈ سڑک تعمیر کی گئی تھی اور اس سڑک کا وزیر اعلیٰ بسوا راج بومئی کے ہاتھوں افتتاح عمل میں لایاگیا تھا۔افتتاح کے صرف ایک ماہ کے اندر ہی سڑک کے مختلف جگہوں پر دراڑیں پڑ چکی ہیں،اس کو مد نظر رکھ کر وزیر اعلیٰ بسوا راج بومئی نے ریاپیڈ روڈ کو تعمیر نہ کرنے کے لئے بی بی ایم پی افسران کو حکم دیا ہے۔اس سلسلہ میں بی بی ایم پی کے چیف کمشنر تشار گری ناتھ نے اخباری نمائندوں سے بات کر تے ہو ئے بتا یا کہ ریاپیڈ روڈ کی انٹر نل جانچ کی گئی ہے،اس کے علاو ہ انڈین انسٹی ٹیوٹ آف سائنسس(آئی آئی ایس سی) سے بھی جانچ کی گزارش کی گئی ہے۔انہوں نے بتا یاکہ آئی آئی ایس سی سے رپورٹ ملنے کے بعد ریاپیڈ روڈ کی تعمیر کی جانی ہے یا نہیں، اس کا قطعی فیصلہ کیا جائے گا۔بی بی ایم پی چیف کمشنر نے بتا یا کہ آئی آئی ایس سی کس طرح کے اقدامات کئے جانے چاہئیں، اس کے متعلق صلاح دے گی،جس کے بعد تمام باتوں کا جائزہ لینے کے بعداگر حکومت اجازت دے تو ریاپیڈ روڈ کی تعمیر کی جائے گی ورنہ نہیں۔انہونے بتا یا کہ15ویں مالیاتی کمیشن اور بی بی ایم پی فنڈ سے سوئپنگ مشینوں کی خریدی کی جائے گی،اس سلسلہ میں ایک منصوبہ تیار کیا جا رہا ہے،جس کے تحت کتنی مشینوں کی خریدی کی جائے اس کا پتہ لگے گا۔تشار گری ناتھ نے بتا یا کہ رہائشی علاقوں میں تجارتی سرگرمیاں انجام دے رہے مالکان کو نوٹس جاری کی گئی ہے،ان سے جواب ملنے کے بعد اگلا قدم اٹھایا جائے گا۔