ایک ماہ کے دوران7اضلاع کیلئے کے ایس آر ٹی سی الیکٹرک بس شروع ہوگی 16جنوری سے بنگلورو۔میسورو کے درمیان پہلی سرویس،ٹکٹ شرح300روپئے۔انوب کمار
بنگلورو۔14جنوری(سالار نیوز)اگلے ماہ سے شیموگہ، چکمگلور،داونگرے سمیت ریاست کے 7/اضلاع کے لئے کرناٹک اسٹیٹ روڈ ٹرانسپورٹ کارپوریشن(کے ایس آر ٹی سی)الیکٹرک”ای وی۔پاور پلس“ بس سرویس شروع کی جائے گی۔جمعہ کو شہر سے رام نگرم کے لئے تجربہ کے طور پر الیکٹرک”ای وی۔پاور پلس“ بس سرویس کو کے ایس آر ٹی سی کے مینیجنگ ڈائرکٹر انوب کمار نے ہری جھنڈی دکھانے کے بعد اخباری نمائندوں سے بات کر تے ہو ئے اس بات کی جانکاری دی۔انہوں نے بتا یا کہ شنکرانتی تہوار کے بعد 16جنوری سے الیکٹرک”ای وی۔پاور پلس“ بس سرویس شروع کی جائے گی اور پہلے بنگلور۔ میسور کے درمیان بس سرویس شروع ہو گی۔انہوں نے بتا یا کہ بنگلور۔ میسور کے لئے الیکٹرک”ای وی۔پاور پلس“ بس میں ٹکٹ کی شرح300روپئے مقرر کی گئی ہے۔ انوب کمار نے بتا یا کہ ریاست کے7مقامات پر الیکٹرک بسوں کی چارجنگ کے لئے مراکز قائم کئے جارہے ہیں۔انہوں نے بتا یا کہ اگلے ماہ مڑکیرے،ویراج پیٹ،داونگرے،شیموگہ اور چکمنگلور کے لئے الیکٹرک”ای وی۔پاور پلس“ بس سرویس شروع ہو گی۔انہوں نے بتا یا کہ ایر کنڈیشن سے لیس الیکٹرک بس میں ڈرائیور اور کنڈکٹر سمیت جملہ43سیٹوں کی گنجائش ہے،ایک مرتبہ چارجنگ کرنے پر بس 250سے270کلومیٹر کا فاصلہ طے کر سکتی ہے۔انہوں نے بتا یا کہ فی الوقت کے ایس آر ٹی سی کے والوو بسوں کے لئے فی کلو میٹر70روپئے کا خرچ آرہا ہے،جبکہ الیکٹرک”ای وی۔پاور پلس“ بس کے لئے فی کلومیٹر55روپئے ہی کا خرچ ہو گا جس سے کارپوریشن کو15روپیوں کی بچت ہو گی۔انہوں نے بتا یا کہ بس فراہم کرنے والی کمپنی ہی ڈرائیور کا انتظام کے ساتھ بسوں کی دیکھ بھال بھی کرے گی۔انوب کمار نے بتا یا کہ حیدر آباد کی اولکٹا گرین ٹک لمیٹڈ(او جی ایل) کمپنی 50 ”ای وی۔ پاور پلس“ الیکٹرک بسوں کو فراہم کرے گی۔ انہوں نے بتا یا کہ31دسمبر کو ریاستی وزیر برائے ٹرانسپورٹ سری راملو نے کے ایس آر ٹی سی الیکٹرک بس کو ہری جھنڈی دکھائی تھی۔انہوں نے کہا کہ بس میں سی سی ٹی وی کیمرے نصب کئے گئے ہیں اور ساتھ ساتھ ایمرجنسی بٹن بھی لگایا گیا ہے اور حفاظتی انتظامات کی سہولت فراہم کی گئی ہے۔اس کے علاوہ ٹیلی ویژن،ہر سیٹ کے لئے چارجنگ پوائنٹ اور لگیج کے لئے وسیع جگہ فراہم کی ہے۔کے ایس آر ٹی سی الیکٹرک”ای وی۔پاور پلس“ بس میں سفر کرنے سے ہوائی جہاز میں سفر کرنے جیسا محسوس ہوگا۔