وکالت کے طلبہ انصاف کے تقاضوں کو اپنا نصب العین بنائیں: جسٹس داس الامین کالج آف لاء کے زیر اہتمام قانونی بیدار ی سمینار میں زبیر انور اور دیگر شریک

RushdaInfotech January 15th 2023 urdu-news-paper
وکالت کے طلبہ انصاف کے تقاضوں کو اپنا نصب العین بنائیں: جسٹس داس الامین کالج آف لاء کے زیر اہتمام قانونی بیدار ی سمینار میں زبیر انور اور دیگر شریک

بنگلورو۔14جنوری(سالار نیوز) الامین کالج آف لا ء کے نیوز لیٹر کے چھٹے ایڈیشن کا اجراء، این ایس ایس سرگرمیوں کا افتتاح، اسٹوڈنٹس کونسل 2022-23کا افتتاح اور لا ء لیب کا افتتاح کرنے کے لئے ہفتہ14جنوری کے روز ایک پروگرام کا اہتمام کیاگیا، جس میں جسٹس سی ایس داس، جج ہائی کورٹ آف کیرلا نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی اور ان تمام کا افتتاح و اجراء انجام دیا۔ اس تقریب کی صدارت زبیر انور سیٹھ، اعزازی سکریٹری الامین ایجوکیشنل سوسائٹی، بنگلور نے کی۔ پروگرام میں ایم زیڈ علی ای سی ممبر بھی موجود تھے، ڈاکٹر وسیم خان نے مہمانوں کا استقبال کیا اور وائس پرنسپل پروفیسر یاسمین تبسم نے مہمان کا شکریہ ادا کیا۔اس موقع پرقانونی بیداری پر منعقدہ سمینار سے خطاب کرتے ہوئے جسٹس سی ایس داس نے طلباء کو مشورہ دیا کہ وہ اپنی زندگیوں میں سچائی کے راستہ کو اپنا کر باوقار زندگی بسر کریں۔اپنی امنگوں اور اپنے والدین کے خوابوں کو پورا کرنے کے لئے جدو جہد کرنے کا مشورہ دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ زندگی سنوارنے کے مرحلہ میں طلبہ کو احتیاط سے فیصلہ کرنا چاہئے۔سماج میں وقتاً فوقتاً آنے والی تبدیلیوں کا سامنا کرنے کے لئے ان کو ہمہ وقت مستعد رہنا چاہئے۔اس موقع پر اعزازی سکریٹری زبیر انور نے کہا کہ وکالت ایک معزز پیشہ ہے جس کے ذریعے سماج کی مختلف سطحوں پر مختلف لوگوں کی خدمات عوامی اور نجی محاذوں پر انجام دی جا سکتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ قانون کے طلباء او ر نوجوان وکیل اس پیشہ کو بہتر بنانے کے لئے مؤثر کردار ادا کر سکتے ہیں۔ سماج کے ہر طبقے کو قانون کی ضرورت پڑتی ہے۔ ضرورت اس بات کی ہے کہ اس پیشہ کی بنیاد سے جو لوگ وابستہ ہیں ان کا احترام کرنے کے ساتھ ساتھ ان کی خدمات کا اعتراف کریں۔ اپنی خدمات کے معیار کو جدیدیت سے ہمکنار کریں۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ وکالت کے طلبہ میں انصاف کا احساس زیادہ ہو نا چاہئے۔انہیں قانون کی تعلیم کے ذریعہ سماج میں مثبت تبدیلی کے لئے جدوجہد کرنی چاہئے۔ اس کے لئے وقت ضرور لگے گا لیکن کامیابی ملے گی۔


Recent Post

Popular Links