مودی،شاہ سینکڑوں بار کرناٹک آئیں تو بھی بی جے پی اقتدار پر نہیں آئے گی پانچ سال انتظامیہ چلانے کا موقع دیں،بہتر انتظامیہ فراہم نہ کرسکا تو پارٹی تحلیل۔ کمار سوامی

RushdaInfotech January 15th 2023 urdu-news-paper
مودی،شاہ سینکڑوں بار کرناٹک آئیں تو بھی بی جے پی اقتدار پر نہیں آئے گی پانچ سال انتظامیہ چلانے کا موقع دیں،بہتر انتظامیہ فراہم نہ کرسکا تو پارٹی تحلیل۔ کمار سوامی

بنگلورو۔14جنوری(سالار نیوز) سابق وزیر اعلیٰ ایچ ڈی کمار سوامی نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مو دی اور مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ سینکڑوں مرتبہ بھی ریاست کا دورہ کر لیں،اگلے اسمبلی انتخابات میں بھارتیہ جنتا پارٹی(بی جے پی) بر سر اقتدار نہیں آئے گی۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم اور مرکزی وزیر داخلہ کی بار بار ریاست میں آمد کے باوجود بی جے پی ریاست میں دوبارہ اقتدار پر نہیں آئے گی،کیونکہ ریاست کے عوام بی جے پی سے بد ظن ہوچکے ہیں۔ پریس کلب آف بنگلور کی جانب سے”پریس سے ملئے“ پروگرام میں شرکت کر تے ہو ئے جنتا دل(سیکولر) قائد و سابق وزیر اعلیٰ کمار سوامی نے ان خیا لات کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس یا بی جے پی کے ساتھ مخلوط حکومت قائم کی گئی تو عوام پسند پروگرامس جاری کرنے میں دشواریاں محسوس ہوں گی۔انہوں نے عوام سے گزارش کی کہ وہ2023ء میں ہونے والے اسمبلی انتخابا ت میں ان کی جنتا دل(سیکو لر) پارٹی کی بھر پور تائید کر تے ہو ئے اکثریت کے ساتھ اقتدار پر لائیں۔کمار سوامی نے کہا کہ 5 سال کے دوران اگر وہ بہتر انتظامیہ فراہم کرنے میں نا کام رہے تو وہ پارٹی کو تحلیل کر دیں گے۔ انہوں نے بتا یا کہ امیت شاہ کے منڈیا کے دورہ سے ان کی پارٹی پر کو ئی اثر پڑنے والا نہیں ہے،منڈیا ضلع کے ساتوں حلقوں پر جنتا دل ہی کا قبضہ ہوگا۔ سابق وزیر اعلیٰ نے کہا کہ پنچ رتنا یاترا سے عوام کے قریب پہنچ کر ان کے مسائل سے واقف ہونے کا موقع ملا ہے،غر یب طبقات کی جو امیدیں ہیں اس کے متعلق یاترا کے ذریعہ پتہ لگا ہے۔کانگریس کی جانب سے200یونٹ مفت بجلی کی فراہمی کے اعلان پر سابق وزیر اعلیٰ کمار سوامی نے کہا کہ 200یونٹ کے لئے5,600 کروڑ روپیوں کا خرچ ہو گا اور حکومت کو اس سے آمدنی نہیں ہو گی۔سڑکوں اور نالوں کے متعلق باتیں کرنے کے بجائے لو جہاد کے متعلق باتیں کرنے کے بی جے پی کے ریاستی صدر نلین کمار کٹیل کے بیان پر کمار سوامی نے کہا کہ اس طرح کے نظریہ سے آنے والی نسل پر کافی برا اثر پڑے گا،کرناٹک باغ امن ہے،اس کو ہمیشہ بر قرار رکھنا پڑے گا،لیکن افسوس کہ لو جہاد کے نام پر بی جے پی ریاست کو اُتر پردیش اور بہار بنا نا چاہتی ہے۔انہوں نے کہا کہ بی جے پی کے طریقہ کار کی وجہ سے صنعت کار ریاست کی جانب توجہ نہیں دے رہے ہیں،بی جے پی حکومت کو عوام کے مستقبل کے متعلق کسی طرح کی کو ئی فکر نہیں ہے۔اس موقع پر سابق ریاستی وزیر و بی جے پی لیڈر سی پی یو گیشور سے جاری آڈیو کے متعلق سابق وزیر اعلیٰ نے کہا کہ وہ اس معا ملہ پر کو ئی بحث نہیں کریں گے۔انہوں نے بتا یا کہ لوگوں میں یہ تجزیہ کیا گیا تھا کہ جنتا دل ریاست میں اپنی طاقت برقرار نہیں رکھ پائے گی،اس کے لئے ان کے چند اقدامات سبب بنے۔انہوں نے بتا یا کہ کووِڈ کے موقع پر ان کی پارٹی تنظیم کاری کے لئے زیادہ توجہ نہیں دے پائی تھی۔ سابق وزیر اعلیٰ نے بتا یا کہ قومی صدر و سابق وزیر اعظم ایچ ڈی دیوے گوڑا کی عمر اور ان کی صحت کے پیش نظر پارٹی کے چند افراد جذبات میں آئے تھے، اس لئے چند افراد نے کچھ سیاسی فیصلہ کئے اور پارٹی سے دوری اختیار کر لی اور چند افراد دوبارہ واپس لوٹ آئے ہیں،یہ کہتے ہو ئے کمار سوامی نے پارٹی چھوڑنے والوں کا تذکرہ کیا۔انہوں نے کہا کہ تعلیم اور صحت کے متعلق عوام کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے،سرکاری اسکولوں میں 51فیصد اساتذہ کی کمی ہے،اگر اس طرح کا ماحول رہا تو غریب بچو ں کو معیاری تعلیم کی امید کیسے کی جاسکتی ہے۔انہوں نے بتا یا کہ فصلوں کو نقصان کی وجہ سے کسانوں کو کافی پریشانیوں کا سامنا کر نا پڑ رہا ہے،اور کئی کسان قرضہ کی بوجھ سے مایوس ہو کر خودکشی کر لینے پر مجبور ہو چکے ہیں،حکومت اس جانب توجہ دینے میں پوری طرح نا کام رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ قرضہ معاف کردینا مسئلہ کا حل نہیں ہے،اس کے برعکس کسان قرضہ دار نہ ہو، اس کے لئے حکومت کو اقدام کر نا ہوگا، اس جانب وہ اپنی توجہ مبذول کی ہے۔انہوں نے کہا کہ ملک میں غربت بڑھنے لگی ہے جو افسوسناک بات ہے،لاکھوں خاندانوں کے لئے سر چھپانے کے لئے مکان نہیں ہے،ان باتوں کو مدنظر رکھ کرہی انہوں نے پنچ رتنا یاترا شروع کی ہے۔ کمار سوامی نے بتا یا کہ فارن ڈائرکٹ انویسمنٹ(ایف ڈی آئی) کی شرح گھٹ کر 1.6فیصد ہو چکی ہے۔انہوں نے بتا یا کہ اسمبلی انتخابات میں 123سیٹوں پر جیت حاصل کرنے کا جو نشانہ مقرر کیا ہے،اس کو ہر ممکن عبور کرنے کی کوشش کریں گے،اسی مقصد کے تحت وہ ہر دن18گھنٹے کام کر رہے ہیں۔ انہوں نے بتا یا کہ اس مرتبہ عوام علاقائی پارٹی ہی کو بر سر اقتدار لانا چاہتے ہیں۔انہوں نے بتا یا کہ اس مر تبہ بنگلور شہری ضلع کے 8حلقوں پر جنتا دل کا قبضہ ہوگا۔کمار سوامی نے بتا یا کہ کو لار اسمبلی حلقہ کے لئے انہوں نے جس امیدوار کا اعلان کیا ہے وہی انتخابات میں حصہ لیں گے،امید وار کی تبدیلی کاسوال ہی پیدا نہیں ہوگا۔انہوں نے بتا یا کہ سیٹوں کی تقسیم کے سلسلہ میں فی الوقت کسی بھی پارٹی سے سمجھو تہ نہیں کیا گیا ہے۔کمار سوامی نے بتا یا کہ سینٹرو روی کو پونا سے ہی گرفتار کیا جا سکتا تھا،لیکن اس کو گجرات کس نے منتقل کیا تھا،اس کے متعلق جانچ کی ضرورت ہے۔ انہوں نے پو لیس پر الزام لگایا کہ سینٹرو روی کے قبضے سے ریاست کے وزراء کے خلاف ثبوت ضبط کر رہی ہے،انہوں نے بتا یا کہ پو لیس سینٹرو روی کے پاس موجود تمام ثبوت ضبط کر کے اس کو یہاں لایا گیا ہے۔ انہوں نے بتا یا کہ سینٹرو روی کو عصمت دری کے ایک معا ملہ میں گرفتار کیا گیا ہے،لیکن پو لیس اس کے خلاف بد عنوانی کے معا ملات کی جانچ کیسے کرے گی،جب وزراء نے اس کے پاس سے ثبوت لے لئے ہیں۔پو لیس کی دیانتداری پر سوال اٹھاتے ہوئے سابق وزیر اعلیٰ نے بتا یاکہ جب پو لیس افسران خود تبادلوں میں براہ راست ملوث ہیں تو کونسے افسران کے خلاف جانچ کرے گی۔ انہوں نے الزام لگایا کہ روی کی گرفتاری کے خلاف اور بی جے پی لیڈران کے ساتھ ان کے تعلقات کے سبھی معاملوں کو دبانے کے لئے ایک ڈرامہ ہے۔اس موقع پر پریس کلب آف بنگلور کے صدر سری دھر،جنرل سکریٹری بی پی ملپا کے علاوہ دیگر عہدیداران حاضر رہے۔


Recent Post

Popular Links