عباس خان کالج برائے خواتین میں ”کنڑا ہبا“ کا انعقاد

بنگلورو۔12جنوری (راست) عباس خان کالج برائے خواتین میں کنڑا ہبا کا انعقاد کیاگیا۔ آغاز قرأت اورکنڑا دعائیہ سے ہوا۔ عائشہ رخسار، پرنسپل پی یو کالج نے مہمان خصوصی اور مہمانان اعزازی کا تعارف وخیر مقدم پیش کیا۔ مہمان خصوصی شری ڈاکٹر کے اپا، اسپیشل آفیسر ہائر ایجوکیشن، حکومت کرناٹک نے اپنی تقریر میں کنڑا راجیہ اتسوا کی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کنڑا زبان کے آغاز، اتبداء وارتقاء سے متعارف کروایا اور تقریباً ریاست کرناٹک کے ہر ضلع کی اہمیت وخصوصیت بیان کی۔ آپ نے میسور دسہرہ، بیلگام، ٹمکور، چترادرگہ، دھارواڑ کی ہر تہوارکی خوبیاں بیان کرتے ہوئے کہاکہ ہرضلع، ہر دیہات میں کنڑا زبان، الگ الگ انداز اورالگ لب ولہجہ میں بولی جاتی ہے۔ آج ریاستی زبانوں کو سیکھنا وقت کی اہم ضرورت ہے، اس لئے تمام طالبات سے گزارش ہے کہ کنڑا سیکھیں، تاکہ سرکاری ملازمتوں کے لئے آپ کو آسانیاں حاصل ہوں۔ موصوف نے سی ایم اے کی سراہنا کی اورکہاکہ عباس خان کالج شہر بنگلور میں لڑکیوں کی تعلیم کا بہترین مرکز ہے اور ہائر ایجوکیشن میں اس کالج کا اچھا نام ہے۔ اس موقعے پرطالبات نے رنگا رنگ ثقافتی پروگرام کنڑا زبان میں پیش کئے۔ ڈاکٹر ظہیرالدین احمد، جنرل سکریٹری سی ایم اے نے اپنے صدارتی کلمات میں مہمان خصوصی کی تقریر کی تعریف کرتے ہوئے کہاکہ آج طلباوطالبات کو نہ صرف کنڑا بلکہ جو بھی زبان انہیں سکھائی جاتی ہے،اس کو بہتر طریقے اور انداز میں بولنا اور سیکھنا بہت ضروری ہے۔ انگریزی کی اہمیت ضرور ہے لیکن دیگرزبانوں کی اہمیت مثلاً اُردو کو بھی بہترین لب ولہجہ میں اپنائیں اور سیکھیں۔ اس پروگرام میں پروفیسر زبیدہ بیگم، پرنسپل ڈگری کالج، ریاض احمد شریف، حسین شریف، جوائنٹ سکریٹری سی ایم اے شریک رہے۔ ڈاکٹر ایم ایس ودیا صدر شعبہئ کنڑا نے نظامت کے فرائض انجام دیئے۔ محترمہ ممتاآل میل لکچرر شعبہئ کنڑا نے ہدیہ تشکرپیش کیا۔ اس پروگرام سے قبل عباس خان کالج فٹنیس سنٹر کا افتتاح مہمان خصوصی کے ہاتھوں عمل میں آیا۔ قومی ترانے پر پروگرام اختتام کو پہنچا۔