یلو بورڈ موٹر گاڑیوں کو ایف سی کیلئے محکمہ پولیس سے این او سی لازمی؟ محکمہ پو لیس کی جانب سے محکمہ ٹرانسپورٹ کو پیشکش روانہ

بنگلورو۔12جنوری(سالار نیوز)ہر سال موٹر گاڑیوں کی فٹنیس سر ٹی فکیٹ(ایف سی) کے دوران ہی ٹرافک قوانین کی خلاف ورزیوں کی بقیہ رقم وصول کر نے پر غور کیا جا رہا ہے۔بتا یاجا تا ہے کہ اس سلسلہ میں محکمہ پو لیس نے محکمہ ٹرانسپورٹ کے چیف سکریٹری کو قانون میں ترمیم کرنے پیشکش روانہ کی ہے،جس کے تحت یلو بورڈ موٹرگاڑیو ں کو ایف سی کے دوران ٹرافک قوانین کی خلاف ورزی کے تحت باقی جرمانہ ادا کر کے این او سی حاصل کرنے کا قانون جاری کرنے کی گزارش کی گئی ہے۔بتایاجاتا ہے کہ ریاست میں کل30لاکھ42ہزار350 کمر شیل موٹر گاڑیوں کی جانب سے ٹرافک قوانین کی خلاف ورزی کے معاملات میں 50فیصد کا جرمانہ عائد نہیں کیا گیاجس کی وجہ سے کروڑوں روپئے جرمانہ باقی ہے۔محکمہ پو لیس نے اعتراف کیا ہے کہ سڑکوں پر جانچ کے دوران تمام موٹر گاڑیوں سے جرمانہ و صولی نا ممکن ہے،اس لئے یلو بورڈ موٹر گاڑیوں کی سالانہ ایف سی کے موقع پر جرمانہ کی رقم وصول کرنے محکمہ پو لیس سنجیدگی کے ساتھ غور کر رہا ہے۔ شعبہ ٹرافک بنگلور کے اسپیشل کمشنر ڈاکٹر ایم اے سلیم نے بتا یا کہ سڑک،سگنل،پارکنگ سمیت مختلف مقامات پر ڈجیٹل ٹکنالوجی کے استعمال سے ٹرافک قوانین کی خلاف ورزی کا پتہ لگانے میں آسانی ہوئی ہے۔انہوں نے بتا یا کہ صرف بنگلور میں ہی روزانہ30ہزار سے زیادہ ٹرافک قوانین کی خلاف ورزی کے معاملات درج کئے جارہے ہیں،15دنوں کے اندر موٹر گاڑی مالکان کے گھر کو جرمانہ کی نوٹس روانہ کی جاتی ہے،لیکن نصف افراد جرمانہ ادا نہیں کر تے۔ بتا یا جا تا ہے کہ آر ٹی او دفتر میں ہی ٹرافک قوانین کی خلاف ورزی کی بقیہ رقم وصول کرنے سنٹر کھولنے محکمہ پو لیس تیار ہے،جہاں این او سی جاری کی جائے گی،محکمہ پو لیس نے سنٹر کے لئے درکار جگہ فراہم کرنے محکمہ ٹرانسپورٹ سے گزارش کی ہے۔