چامراج پیٹ حلقہ میں وزیر اعلیٰ اقلیتی کالونی ترقیاتی فنڈس سے 3.5کروڑکے کاموں کا آغاز ہمہ جہت ترقی کے ساتھ عوامی سہولتوں کے سدھار کے متعدد کام تکمیل کے مرحلہ میں: ضمیر احمد خان

بنگلورو۔12/اکتوبر(سالار نیوز)شہر کے چامراج پیٹ اسمبلی حلقے میں آنے والے مختلف علاقوں میں ترقیاتی کاموں کا سلسلہ جاری ہے۔ جمعرات کے روز اس حلقہ میں آنے والے آزاد نگر وارڈکے ونائیکا نگر علاقے میں 3.5کروڑر وپیوں کی لاگت پر ترقیاتی کاموں کا آغاز سابق وزیر اور مقامی رکن اسمبلی بی زیڈ ضمیر احمد خان کے ہاتھوں عمل میں آیا۔ ان کاموں کی شروعات کرنے کے بعد انہوں نے کہا کہ حلقہ کے تمام وارڈوں میں ہمہ جہت ترقی کیلئے مختلف منصوبوں پر کام تیزی سے جاری ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ونائیکا نگر میں آج سے جو کام شروع ہونے جا رہا ہے وہ وزیر اعلیٰ کے اقلیتی کالونیوں کی ترقیاتی اسکیم کا حصہ ہے۔ اس اسکیم کے تحت دئیے گئے 3.5کروڑروپیوں کی لاگت سے ونائیکا نگر میں آنے والی تینو ں سڑکوں کے تمام33کراسوں میں ترقیاتی کام کئے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ اس منصوبے کے تحت وارڈ میں ڈرائینیج،پانی کی فراہمی، پکی سڑک کی تیاری، صاف پانی کی فراہمی کے لئے آر اوپلانٹ کی تنصیب اور دیگر سہولتوں کی فراہمی شامل ہے۔ ضمیر احمد خان نے بتایا کہ ان کے حلقہ میں امرت نگر وتھانہ، وزیر اعلیٰ اقلیتی کالونی ترقیاتی فنڈ، رکن اسمبلی کے مقامی ترقیاتی فنڈاور دیگربجٹ کے تحت ملنے والے فنڈس کے ذریعہ ترقیاتی کام تکمیل کے قطعی مراحل میں داخل ہو چکے ہیں۔ حلقہ میں آنے والے تمام علاقوں میں سڑک، پانی، ڈرائینیج اور بجلی کی بنیادی سہولتوں کی فراہمی کے ساتھ ساتھ مختلف وارڈوں میں آنے والے اسپتالوں کی ترقی اور ان میں بستروں کی تعداد میں اضافہ کرنے کے ساتھ ساتھ ان کو دی جانے والی سہولتوں میں اضافہ کیا گیا ہے۔ حلقہ میں آنے والے سبھی سرکاری اسکولوں میں انفراسٹرکچر کے معیار کو سدھارا گیا ہے۔ ان میں اُردو، کنڑا وردیگر زبانوں کے اسکولوں کے کمروں کی تعدا د میں اضافہ کے ساتھ ساتھ وہاں کی سہولتوں میں اضافے کے ساتھ ان میں اسمارٹ کلاسس اور دیگر جدید آلات مہیا کروائے گئے ہیں۔ ضمیر احمد خان نے کہا کہ آنے والے دنوں میں حلقہ کے اور بھی علاقو ں میں نئے منصوبوں پر کام کی شروعات کی جائے گی۔اس موقع پر انہوں نے مختلف محکموں کے افسروں کو ہدایت دی کہ ترقیاتی کاموں کو جلد از جلد مکمل کیا جائے۔