بی بی ایم پی سے کنٹراکٹروں کو 2,600کروڑ روپئے واجب الادا 31جنوری تک مطالبات پورے نہ کرنے پر سخت احتجاج کا انتباہ

بنگلورو۔10جنوری(سالار نیوز)گزشتہ دو سال سے کنٹراکٹرس کی واجب الادا 2,600کروڑ روپئے جاری کرنے سمیت دیگر مانگیں 31جنوری تک پوری نہ کی گئیں تو کوڑا کر کٹ نکاسی، سڑکوں کی صفائی، سڑک کے کھڈو ں کو بند کرنے سمیت دیگر کاموں کو روک کر سخت احتجاج کرنے کا بروہت بنگلور مہا نگر پالیکے(بی بی ایم پی) کنٹراکٹرس اسو سی ایشن نے اعلان کیا ہے۔ بی بی ایم پی صدر دفتر میں مذکورہ مطالبات کو پورا کرنے کی مانگ کو لے کر بی بی ایم پی کنٹراکٹرس اسوسی ایشن کے عہدیدار اور اراکین نے احتجاج کیا۔ احتجاجی مظاہرین نے بتا یا کہ گزشتہ25ماہ سے کنٹراکٹروں کو تعمیراتی کاموں کے2,600کروڑ روپئے واجب الادا ہیں،جس کی وجہ سے کنٹراکٹروں کو کام کرنے اور ملاز مین کو تنخواہ جاری کرنے کے لئے مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ احتجاجی کنٹراکٹروں نے بی بی ایم پی سے پُرزور مطالبہ کیا کہ ان کی واجب الادا رقم فوری جاری کی جائے۔انہوں نے بتا یا کہ بی بی ایم پی کے چند زونس کے کمشنرس کنٹراکٹرس کی بلوں کی رقم کو ادا کرنے میں بے توجہی کا مظاہرہ کرنے لگے ہیں اور اپنے پسند کے ہی کنٹراکٹرس کو بلوں کی رقم جاری کر رہے ہیں اور دیگر کنٹراکٹرس کی بلوں کو ادا کئے بغیر انہیں پریشان کر رہے ہیں۔انہوں نے مانگ کی کہ زونس کے کمشنرس کو بلوں کی رقم ادا کرنے کے نظام کو منسوخ کر کے بی بی ایم پی صدر دفتر ہی سے بلوں کی رقم کی ادا ئیگی کا سابقہ نظام ہی کو جاری کیا جائے۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ 18جو لائی2022تک جمع کئے گئے بلوں کی جی ایس ٹی رقم خود بی بی ایم پی کے ذریعہ ہی ادا کی جائے،اس کے علاوہ کسی بھی تعمیری کام کے بعد اس کے معیارکی جانچ کی جائے،اس کے برعکس سال بھرمعیارکی جانچ نہ کی جائے۔انہوں نے کہا کہ ان کی مانگیں اگر31جنوری تک پوری نہیں کی گئیں تو بی بی ایم پی کے تمام آٹھوں زونس میں جاری تعمیراتی کاموں کو روک کر سخت احتجاج کیا جائے گا۔اس سلسلہ میں بی بی ایم پی کے چیف کمشنر تشار گری ناتھ نے بتا یا کہ بی بی ایم پی کے کنٹراکٹرس کو نومبر2020تک کے بلوں کی رقم ادا کی جاچکی ہے، دسمبر کے ماہ کے100سے150کروڑ کے بلوں کی رقم واجب الادا ہے،اس کو فوری جاری کیا جائے گا۔انہوں نے بتا یا کہ بی بی ایم پی سے جائیداد ٹیکس وصولی مہم جاری ہے،جس کے تحت گزشتہ ہفتہ35سے 36کروڑ روپئے جائیداد ٹیکس کے طور پر وصول کئے گئے ہیں،اس لئے بلوں کی واجب الادا رقم کو لے کر کنٹراکٹروں کو ڈرنے کی ضرورت نہیں ہے۔انہوں نے بتا یا کہ 2021-22کے بلوں کی رقم ادا کرنے کے لئے درکار اقدامات کئے جارہے ہیں۔تشار گری ناتھ نے بتا یا کہ گزشتہ دو سال وائیٹنگ پریڈ تھا جس سے کنٹراکٹرس بھی اچھی طرح واقف ہیں۔