سینٹرو روی نے وزیر داخلہ کے گھر میں بیٹھ کر لاکھوں کی رقم گنی ہے: کمارسوامی کا دعویٰ

RushdaInfotech January 9th 2023 urdu-news-paper
سینٹرو روی نے وزیر داخلہ کے گھر میں بیٹھ کر لاکھوں کی رقم گنی ہے: کمارسوامی کا دعویٰ

بنگلورو۔8/جنوری(سالار نیوز)سابق وزیر اعلیٰ اور جے ڈی ایس لیڈر ایچ ڈی کمارسوامی نے دعویٰ کیا ہے کہ ان دنوں غلط وجوہات کے لئے سرخیوں میں چھائے ہوئے سینٹرو روی کا ایک مبینہ ویڈیو سامنے آیا ہے جس میں اسے لاکھوں روپے کے نوٹ گنتے ہوئے دکھایا گیا ہے وہ یہ نوٹ وزیر داخلہ ارگا گیانیندرا کی رہائش گاہ پر گن رہا ہے۔ اخباری نمائند وں سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وزیر داخلہ کی رہائش گاہ پر روی کے نوٹ گننے کی تصویر کس نے نکالی اور ویڈیو کس نے ریکارڈ کیا اس کی جانچ کروائی جائے۔ انہوں نے کہا کہ ایک اے سی پی کے تبادلہ کے لئے 75لاکھ کا سودا ہوا اور اسی میں سے ملنے والی رقم 15لاکھ روپے وزیر داخلہ کے گھر پہنچی اور روی تصویر میں وہی رقم گن رہا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ روی کے بارے میں بہت ساری معلومات سامنے آ چکی ہیں لیکن حکومت کی طرف سے اس کے خلاف کارروائی کرنے کا کوئی ارادہ ظاہر نہیں کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ا س معاملے پر وقت ضائع کرنے کی بجائے وہ آنے والے دنوں میں اپنی توجہ صرف پنچ رتنا یاترا پر مرکوز رکھیں گے۔ کمارسوامی نے کہا کہ اتنی بڑی رقم چونکہ وزیر داخلہ کے گھر میں گنی جا رہی ہے اس لئے وزیر اعلیٰ کو چاہئے کہ وہ خود اس معاملہ کی جانچ کروائیں۔ریاستی وزیر سوم شیکھر اور سینٹرو روی کے درمیان تعلقات کے بارے میں کمارسوامی نے کہا کہ تبادلہ کے ایک معاملے میں ان دونوں کی بات چیت عوام کے سامنے آچکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ روی کے بارے میں جو بھی ویڈیو اور آڈیو سامنے آ رہے ہیں وہ انہی لوگوں کی کارستانی ہے جو وزراء کے قریب ہیں کسی اپوزیشن رہنما نے تونہیں کروایا۔ انہوں نے کہا کہ بعض وزراء کی طرف سے جس طرح ان سے متعلق ویڈیو اور آڈیو منظر عام پر آنے سے روکنے کے لئے جس طرح عدالتوں سے اسٹے لے رہے ہیں اس سے اندیشہ ہے کہ ان کے ویڈیو بھی آنے والے دنوں میں سامنے آ سکتے ہیں۔ کمارسوامی نے کہا کہ وزیر اعلیٰ بومئی اس معاملہ سے نپٹنے میں کمزور نظر آ رہے ہیں ایسی صورتحال میں ان کے والد ایس آر بومئی نے کیا کیا تھا بومئی کو کم از کم وہ یاد تازہ کر لینی چاہئے۔


Recent Post

Popular Links