2ماہ کے دوران راج کا لوے کے مزید115مقامات پر قبضہ قبضہ جات کو فوری ہٹانے بی بی ایم پی چیف کمشنر کی افسران کو سخت ہدایت

RushdaInfotech January 9th 2023 urdu-news-paper
2ماہ کے دوران راج کا لوے کے مزید115مقامات پر قبضہ قبضہ جات کو فوری ہٹانے بی بی ایم پی چیف کمشنر کی افسران کو سخت ہدایت

بنگلورو۔8جنوری(سالار نیوز) گزشتہ دو ماہ کے دوران بروہت بنگلور مہا نگر پالیکے (بی بی ایم پی)حدود میں راج کالوے کے115مقامات پر نئے طور پر غیر قانونی قبضہ کئے جانے کا پتہ چلا ہے۔ بی بی ایم پی حدود میں 860کلومیٹر لمبے راج کا لوے موجود ہیں۔ان راج کا لوے کے595 مقامات پر قبضہ کئے جانے کے متعلق بی بی ایم پی افسران نے نشاندہی کی ہے،جن میں سے492 مقامات پر قبضہ کا پہلے ہی پتہ لگ چکا تھا،اب 7نومبر 2022سے 6جنوری تک راج کا لوے کے مزید 115مقامات پر قبضہ کئے جانے کا پتہ لگا ہے۔بتا یا جا تا ہے کہ صرف مہا دیو پورہ زون میں راج کا لوے کے111مقامات پر قبضہ کئے جانے کا پتہ چلا ہے،جبکہ بقیہ بی بی ایم پی ویسٹ زون اور بومنہلی زون کے فی کس دو مقامات پر قبضہ کیا گیا ہے۔راج کا لوے پر غیر قانونی قبضہ کے سلسلہ میں افسران نے 382 مقامات پر سروے کرکے تحصیلدار کورپورٹ پیش کی ہے،رپورٹ کا جا ئزہ لینے کے بعد تحصیلدار نے26مقامات پر قبضہ کو ہٹانے کا حکم جاری کیا تھا،جس کے تحت10مقامات پر سے قبضہ جات ہٹادیئے گئے ہیں۔بقیہ مقامات پر سے بھی قبضہ جات کو ہٹانے کے لئے بی بی ایم پی چیف کمشنر تشار گری ناتھ نے افسران کو ہدایت دی ہے۔ اس سلسلہ میں طلب کر دہ اجلاس کے بعد اخباری نمائندوں کو انہوں نے بتا یا کہ یلہنکا زون میں 11مقامات راج کا لوے پر کئے گئے قبضہ جات کو ہٹانے باقی ہے،اس کے علاوہ مہا دیو پورہ میں اور بومنہلی زون کے راج کا لوے پر کئے غیر قانونی قبضہ جات کو ہٹانا با قی ہے،جبکہ226مقامات پر کئے گئے غیر قانونی قبضہ کا سروے کا کام باقی ہے۔بی بی ایم پی چیف کمشنر نے بتا یا کہ راج کا لوے پر قبضہ کئے148افراد کو نوٹس جاری کی گئی ہے،16 جنوری کے بعد قبضہ جات کو ہٹانے کی کارروائی شروع کی جائے گی۔ انہوں نے بتا یا کہ راج کا لوے کے233 مقامات پر غیر قانونی قبضہ کئے افراد کو نوٹس جاری کرکے کارروائی کرنے کی ذمہ داری بنگلور شہری ضلع کے ڈپٹی کمشنر کو دی گئی ہے۔انہوں نے بتا یا کہ جنوری کے آخر تک نوٹس جاری کر کے قبضہ جات کو ہٹانے کی کارروائی کی جائے گی۔اجلاس میں محکمہ سروے اور تحویل اراضی کے کمشنر منیش موڈگیل،بی بی ایم پی شعبہ محصولات کے اسپیشل کمشنر ڈاکٹر آر ایل دیپک اور بنگلور شہری ضلع کے ڈپٹی کمشنردیا نند حاضر رہے۔


Recent Post

Popular Links