بی بی ایم پی کے عدالتی معاملات کا مقابلہ کرنے قانونی افسران نامزد تمام آٹھوں زونس کے کمشنروں کو قانونی صلاح دینے کی ذمہ داری

بنگلورو۔یکم جنوری(سالار نیوز)بروہت بنگلور مہا نگر پالیکے(بی بی ایم پی) کے تعلق سے عدالتوں میں جاری معاملات کو جلد حل کرنے اور زونل کمشنرس کو قانونی صلاح دینے کے مقصد کے تحت بی بی ایم پی نے ہر ایک زون کے لئے قانونی افسر کو نامزد کیا ہے۔ اطلاع کے مطابق ہائی کورٹ سمیت مختلف عدالتوں میں بی بی ایم پی کے تعلق سے7ہزار سے زیادہ معا ملات زیر سماعت ہیں،ان معا ملات کو جلد از جلد مکمل کرتے ہو ئے بی بی ایم پی کے ساتھ نا انصافی نہ ہو اس کا خیال رکھا جائے گا۔ اس کے علاوہ زونل کمشنرس کو قانونی صلاح دینے کے مقصد کے تحت بی بی ایم پی کے آٹھوں زونس کے لئے وظیفہ یاب ضلع وسیشن جج یا جسٹس کو ایک سال کی میعاد کے لئے زونل قانونی افسر کے طور پر نامزد کیا گیا ہے، جو31دسمبر ہی سے چارج سنبھال لیا ہے۔ بی بی ایم پی کے چیف کمشنر تشار گری ناتھ نے بتا یا کہ زونل کمشنروں کو زیادہ اختیارات دیئے گئے ہیں،جس کے تحت عدالتی احکامات پرعمل اور اہم احکامات جاری کرنے کی ذمہ داری ان پر ہی ہے اور انہیں قانونی صلاح فراہم کرنے زونل قانونی افسر کو نامزد کیا گیا ہے۔ انہوں نے بتا یا کہ زونل قانونی افسر کی ذمہ داری میں عدالتی معاملات کو لے کر افسروں سے جانکاری حاصل کر کے رپورٹ تیار کرنا، حق معلومات ایکٹ، انسانی حقوق کمیشن، صفائی کرمچاری کمیشن، لوک آیکتہ اور دیگر کمیشنوں کے ما تحت آنے والے معاملات پر زونل کمشنروں کی رہنمائی کرنا، عدالتوں میں بی بی ایم پی کے معا مات کے تعلق سے افسروں کو جانکاری فراہم کرنا، وقت پر متعلقہ افسروں کی رہنمائی، عدالتی احکامات کی خلاف ورزی نہ ہو اس کا خیال رکھنا بھی شامل ہے۔تشار گری ناتھ نے بتا یا کہ اس کے علاوہ بی بی ایم پی جائیداد کی حفاظت،اِسٹے پر روک لگانے و دیگر کی بھی ذمہ داری دی گئی ہے۔بی بی ایم پی کے آٹھوں زونس کے لئے قانونی افسر جنہیں ایک سال کی میعاد کیلئے عارضی طورپر نامزد کیا گیا ہے جنہیں فی افسر60ہزار روپئے تنخواہ اور 15ہزار موٹر گاڑی بھتہ سمیت80ہزار روپئے مقرر کئے گئے ہیں،اسی طرح کل خرچ سالانہ76.80کروڑ ہوگا۔نامزد قانونی افسران اس طرح ہیں،ایسٹ زون کیلئے سی آر راجو سوم شیکھر،ویسٹ زون ملیکارجن این سومشی،ساؤتھ زون ایچ جی ناگرتنا، داسرہلی زون کے آر روپا، راجا راجیشوری نگر زون جی ایم شنپا،بومنہلی زون محمد مجاہد اللہ، مہا دیو پورہ زون اے گرومورتی اور یلہنکا زون کے لئے وینکٹیش کو بطور قانونی صلاح کار کے طور پر نامزد کیا گیا ہے۔