سماج کی تعمیر میں صحافی کے تعمیری کردار کو فراموش نہیں کیا جاسکتا اُردو میڈیا ڈیولپمنٹ کونسل کے ڈیجیٹل میڈیا اجلاس سے عمائدین کا خطاب
بنگلور۔یکم جنوری(سالار نیوز)سماج کے تابناک مستقبل کی تعمیر میں ایک صحافی کے تعمیری کردار کو فراموش نہیں کیا جاسکتا اور اگر یہ کام ٹیم ورک کی شکل میں انجام دیا جائے تو پھر روشن معاشرے کی تشکیل میں مزید چار چاند لگ جاتے ہیں۔ریاست بھر کے اُردو ڈیجیٹل میڈیاکے مختلف چینلز کو یکجا کرنے کی غرض سے بلائے گئے اجلاس میں محمد عبید اللہ شریف مدیر روزنامہ پاسبان نے ان خیالات کا اظہار کیا۔ سالار آڈیٹوریم میں منعقدہ اردو میڈیا ڈیولپمنٹ کونسل کے افتتاحی اجلاس میں خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اخبار بینی کی گھٹتی تعداد کے پیش نظر آج کسی بھی زبان کے اخبار کا جاری رکھنا بہت دشوارکن مرحلہ ہے،اردو اخبارات کے لیے یہ دوہرا چیلنج ہے، لیکن سوشل میڈیا کے ذریعے سماج اور ملت کے سلگتے مسائل کی یکسوئی کیلئے یہ اقدام کوئی مشکل مسئلہ نہیں مگر پھر بھی تجربہ کار صحافیوں کے فقدان کی وجہ سے اس مسئلے پراردو چینلز کی کوئی مضبوط گرفت نظر نہیں آتی۔انہوں نے کہا کہ تربیتی کارگاہو ں کے ذریعے اس میدان میں دلچسپی رکھنے والے نوجوانوں کی تربیت کو یقینی بنایا جا سکتا ہے اور بہت جلد اس پر اقدام ہوگا۔ اس موقع پرروزنامہ سالار کے سابق مدیرافتخار احمد شریف نے کہاکہ سوشل میڈیا کے ذریعے نئے جڑنے والوں کو چاہئے کہ وسیع مطالعہ کے علاوہ زبان کی ادائیگی اور تلفظ پر خصوصی توجہ دیں اور نیوز کو پیش کرنے سے پہلے کم ازکم دو گھنٹے تیاری کرلیں، تاکہ اردو کے نام پر قائم چینلز کے گرتے معیارکوسدھارا جاسکے۔ اس دوران ریاست کے سینئر صحافی عزیز اللہ سرمست گلبرگہ نے اپنے خطاب میں کہا کہ صحافت میں دلچسپی رکھنے والے نوجوانوں کی تربیت کے لیے مہینے میں ایک تربیتی کیمپ کا انعقاد ہونا چاہئے اور نوجوانوں کی صلاحیتوں کو بروئے کار لانے مواقع فراہم کرنے کے علاوہ ان کے معاشی مسائل کو بھی حل کرنے کے اقدامات ضروری ہیں۔ دوران اجلاس ریاست کے اردو ڈیجیٹل میڈیا سے متعلق نوجوانوں کی خصوصی تربیت کیلئے سینئر صحافیوں کی زیرسرپرستی اردو میڈیا ڈیولپمنٹ کونسل کے اراکین کا بھی انتخاب عمل میں آیا۔ جس میں بطور صدر ہفت روزہ نشیمن کے مدیر رضوان اسد، نائب صدر عزیز اللہ سرمست گلبرگہ،جنرل سکریٹری اونچی آواز چینل کے محمد ابراہیم نفیس اور جوائنٹ سکریٹری روزنامہ انقلاب شیموگہ کے مدثر احمد اور خازن کے طور پر محمد نواز نیوز 4شامل ہیں۔تنظیم کے سرپرست محمدعبیداللہ شریف اور ایڈوائزر منصور خان کے علاوہ لیگل ایڈوائزر سراج الدین احمد ایڈوکیٹ طے پائے۔اس موقع پر ایگزیکٹو ممبران کے طور پر یادگیر سے مبین احمد زخم بنگلور سے شعیب الرحمن بلگام سے شریف احمد شریف شیمو گہ سے احساس نایاب اورمیسورسے افسر میسوری کاانتخاب عمل میں آیا۔ اجلاس کا آغاز امتیاز اللہ خان کی قرأت شعیب الرحمن کی نعت سے ہوا، جبکہ ابراہیم نفیس نے استقبالیہ اور تنظیم کے اغراض و مقاصد پیش کیے اور محمد نواز نے شکریہ ادا کیا۔ اجلاس میں ریاست بھر کے مختلف اضلاع سے اردو میڈیاکے نمائندے شریک رہے۔