نئے سال کی آمد کے جشن کے موقع پر شہر میں 10ہزار پو لیس اہلکار تعینات 1.70لاکھ سی سی ٹی وی،20ڈرون کیمروں کے ذریعہ شرپسند عناصر پر کڑی نظر رکھی جائے گی: پو لیس کمشنر

بنگلورو۔30دسمبر(سالار نیوز)شہر کے پو لیس کمشنر پرتاپ ریڈی نے بتا یا کہ شہر میں نئے سال کی آمد کے جشن کے دوران کو ئی بھی نا خوشگورا واقعات رونما نہ ہو اس کے لئے شہر میں دس ہزار پو لیس اہلکاروں کو تعینات کرنے کے ساتھ ساتھ1.70لاکھ سی سی ٹی وی کیمرے نصب کئے گئے ہیں۔اخباری نمائندوں سے بات کرتے ہو ئے پو لیس کمشنرنے بتا یا کہ کووڈ کی وجہ سے گزشتہ دو سال سے نئے سال کی آمد کا جشن نہیں منایا گیا تھا،لیکن اس مر تبہ جشن کے انعقاد کے دوران پو لیس کا سخت بندو بست کے ساتھ خواتین اور بچوں کو تحفظ کے طو پر خصوصی توجہ دی جائے گی۔ پانچ ستارہ ہوٹلوں،بار اینڈ ریسٹو رنٹس اور کلب سمیت نئے سال کی آمد کا جشن منعقد کئے جانے والے مقامات پر احتیاط برتنے کی ہدایت دی گئی ہے۔ حکومت کی جانب سے رات ایک بجے تک جشن منانے کی اجازت دی ہے،ایک بجے کے بعد جشن کرنے والے افراد کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔ جشن منعقد کئے جانے والے اہم سڑکیں بریگیڈ روڈ،ایم جی روڈ،کورمنگلا، اندرا نگر، اور وہائٹ فیلڈ پر پو لیس کا معقول بندوبست کیا جائے گا اور ہر ایک فرد کی جانچ کرنے اور شر پسند عناصر پر کڑی نظر رکھنے کے لئے پو لیس افسران کو ہدایت دی ہے۔ بھیڑ بھاڑ والے مقامات پر شر پسند عناصر پر نظر رکھنے کے لئے واچ ٹاورس بنا ئے گئے ہیں، جہاں دور بین کے ذریعہ نظر رکھی جائے گی۔ نجی اور سرکاری سمیت جملہ شہر میں 1.70لاکھ سی سی ٹی وی کیمرے،ڈی وی آر نصب کئے گئے ہیں،اس کے علاوہ ایم جی روڈ،بریگیڈ روڈ اور اندرا نگر علاقوں میں 31دسمبر کی رات20ڈرون کیمروں کے ذریعہ بھی نگاہ رکھی جائے گی۔ اہم مقامات پر ڈاگ اور بم اسکواڈ کو تعینات کیا جائے گا۔ جشن کے دوران اہم مقامات پر خواتین کے تحفظ کے لئے خواتین پو لیس اہلکاروں کو تعینات کیا جائے گا،عوام کے تحفظ کے مقصد سے ایر پورٹ روڈ کے فلائی اوور کو چھوڑ کر شہر کے تمام فلائی اوور کو 31دسمبر کی رات9بجے سے یکم جنوری کی صبح6بجے تک بند کئے جائیں گے۔ 31دسمبر کی رات10بجے سے شہر بھر میں شراب کے نشہ میں گاڑیوں کو دوڑانے والے سواروں کی جانچ کی جائے گی۔ انہوں نے عوام سے گزارش کی ہے کہ وہیلنگ کر نے اور تیز رفتار گاڑیوں کو دوڑانے والے افراد کے متعلق اور سماج مخالف سر گرمیوں، منشیات کی سربراہی اور مشتبہ حالت میں گھومنے والے افراد کا پتہ لگنے پر بھی فوری پو لیس کنٹرول روم کو اطلاع دیں۔ نئے سال کے جشن کے موقع پر منشیات کا استعمال اور ریوا پارٹیوں پر نظر رکھنے کے لئے انہوں نے شہر کے تمام پو لیس ڈویژنوں کے ڈپٹی کمشنرس اور سنٹرل کرائم برانچ(سی سی بی) پو لیس افسران کو ہدایت دی ہے۔ جاریہ ماہ ے دوران منشیات کے دھندہ میں ملوث6غیر ملکی باشندوں سمیت637 ملزمین کو گرفتار کر کے ان کے قبضہ سے344.73کلو منشیات ضبط کرتے ہو ئے547معا ملات درج کئے ہیں۔ نئے سال کے جشن کے موقع پر 2اڈیشنل کمشنرس،2 جوائنٹ پو لیس کمشنرس،15ڈٹپی کمشنرس،45اسسٹنٹ پو لیس کمشنرس،160پو لیس انسپکٹرس،600پو لیس سب انسپکٹرس،800اسسٹنٹ سب انسپکٹرس،1,800ہیڈ کانسٹیبلس اور5,200کانسٹیبلس سمیت جملہ 8,624پو لیس اہلکاروں کو بندوسبت کے لئے تعینات کیا گیا ہے۔ پو لیس اہلکاروں کے ساتھ بیرونی اضلاع اور تربیت حاصل کر رہے20اسسٹنٹ پو لیس کمشنرس،50پو لیس انسپکٹرس،50اور50پو لیس سب انسپکٹرس سمیت جملہ1,300پو لیس اہلکارو ں کو بھی بندوبست کے لئے تعینات کیا جائے گا، ان کے علاوہ کے ایس آر پی کے52،سی اے آر کے25ٹکڑیوں کے خدمات بھی حاصل کی گئی ہیں۔ بریگیڈ روڈ، ایم جی روڈ، رچمنڈ روڈ، اور ریسی ڈینسی روڈ کے علاقوں میں 31دسمبر کی رات4ڈپٹی کمشنرس،10اسسٹنٹ پو لیس کمشنرس،30پو لیس انسپکٹرسمیت 3ہزار پو لیس اہلکاروں کو بندوبست کے لئے تعینات کیا جائے گا، اس کے علاوہ کورمنگلا،اندار نگر اور وہائٹ فیلڈ علاقوں میں 4ڈپٹی کمشنرس،10اسسٹنٹ پو لیس کمشنرس،25پو لیس سب انسپکٹرس سمیت2,500پو لیس اہلکاروں کو تعنیات کیا جا ئے گا۔اس موقع پر شہر کے اسپیشل پو لیس کمشنربرائے ٹرافک ڈاکٹر ایم اے سلیم نے کہا کہ نئے سال کی آمد کے جشن کو حادثات سے پاک رکھنے کے لئے عوام کا تعاون ضروری ہے۔ شراب کے نشہ میں گاڑیوں کو دوڑانے والے سواروں کی جانچ کے لئے31 دسمبر کی رات شہر بھر میں گاڑیوں کی جانچ کے لئے خصوصی مہم چلائی جائے گی،اس کے علاوہ وہیلنگ اور تیز رفتار گاڑیوں کو دوڑانے والے افراد پر بھی کڑی نظر رکھی جائے گی۔ اخباری کانفرنس میں دیگر اعلیٰ پو لیس افسر حاضر رہے۔