بی ایف7-کے نام پر افراتفری غیر ضروری عوام ماسک پہنیں اور ضروری احتیاط برتیں: ڈاکٹر دیوی شیٹی

بنگلورو29دسمبر(سالار نیوز)کووڈ کے دوبارہ بڑھتے خدشات کے پیش نظر بروہت بنگلور مہا نگر پالیکے(بی بی ایم پی) اور ریاستی حکومت احتیاطی اقدامات کر رہے ہیں۔اس سلسلے میں نارائن ہیلتھ کے چیرمین اور بانی ڈاکٹر دیوی پرسادشیٹی نے ایک اخباری بیان جاری کر تے ہو ئے بتا یا کہ چین میں بی ایف7-کے باعث کووڈ کے معا ملات میں اضافے کے پیش نظر افراتفری پھیلی ہے جو غیر ضروری ہے۔ انہوں نے بتا یا کہ دیگر تمام ویر ئینٹس کی طرح سارس کو وی2-وائرس بھی بتدریج جاتا ہے اور راتوں رات غائب نہیں ہوتا۔وہ عالمی وباء سے ہوتے ہو ئے مقامی وباء تک پہنچتا ہے اور اس میں ہلکا فلو بھی ہوتا ہے۔ڈاکٹرشیٹی نے بتا یا کہ بی ایف7-اومیکروں کی ذیلی شکل ہے اور اس میں تبدیلی کا آنا عام بات ہے جس کے ذریعے وائرس جگہ بنا نے اور اپنی بقا کے لئے کوشش کرتا ہے۔ بی ایف7-کی علامتوں میں بہتی ہو ئی ناک، گلے کی سوزش،بخار،کھانسی،الٹیاں، تھکان اور دست شامل ہیں۔انہوں نے بتا یا کہ جیسا کہ کہا گیا ہے کہ ضروری احتیاط برتنے کا سلسلہ جاری رکھنا چائیے۔انہوں نے مشورہ دیا کہ خود کو حالات سے آگاہ رکھیں،ماسک پہننے،طبیعت خراب ہونے پرخود کو الگ تھلگ رکھنے اور صحت بخش غذا لینے جیسی اچھی عادات کو اپنائیں۔ انہوں نے کہا کہ اس سے نہ صرف بی ایف7-سے بچا جا سکتا ہے،بلکہ ہر قسم کے صحتی مسائل سے بچنا ممکن ہے۔ڈاکٹر دیوی شیٹی نے بتا یا کہ چھٹیوں اور سفر کا موسم قریب ہونے کی وجہ سے سب کے لئے اورخصوصاً بیرونی ملک کے سفر پر جانے والوں کے لئے مقررہ ضوابط پر عمل کرنا زیادہ ضروری ہے۔