معروف تبلیغی عالم دین مولانا طارق جمیل کو پڑا دل کا دورہ، داخل اسپتال

اوٹاوا/اسلام آباد:28دسمبر (ایجنسی)معروف تبلیغی عالم دین مولانا طارق جمیل اس وقت کینیڈا کے دورے پر ہیں اور انہیں دل کا دورہ پڑنے کے بعد وہیں کے اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے- مولانا طارق جمیل کے بیٹے کے مطابق وہ بالکل ٹھیک ہیں - مولانا طارق جمیل کے بیٹے یوسف جمیل نے یوٹیوب چینل پر ویڈیو بیان میں کہاکہ پریشانی کی خبر تھی لیکن اب نہیں ہے- مولانا طارق جمیل کینیڈا میں موجود ہیں اور آج ان کے دل میں تکلیف ہوئی تھی-
یوسف جمیل نے کہا کہ سینے میں درد کی وجہ سے انہیں اسپتال منتقل کیا گیا اور ان کا پروسیجر عافیت سے مکمل ہو گیا اور اس وقت وہ بالکل ٹھیک ہیں لیکن ابھی تک اسپتال میں ہیں -سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری بیان میں یوسف جمیل نے کہا کہ بابا جان اس وقت کینیڈا میں ہیں اور ان کو دل کا دورہ پڑنے پر ہسپتال منتقل کیا گیا ہے-انہوں نے کہا کہ اللہ کے فضل سے اب ان کی حالت بہت بہتر ہے، آپ سب احباب سے دعاؤں کی درخواست ہے، اللہ رب العزت والد محترم کو صحت کاملہ عطا فرمائے- ویڈیو پیغام میں مولانا طارق جمیل کے بیٹے نے دعاؤں کی درخواست کرتے ہوئے کہا کہ ’گھر سے دور ہیں، ہم لوگ یہاں ہیں اور وہ وہاں موجود ہیں جو تھوڑی پریشانی کا باعث ہے لیکن اللہ کا کرم ہے وہ ٹھیک ہیں‘-مولانا طارق جمیل کو یکم جنوری 2019 کو بھی مبینہ طور پر عارضہ قلب میں مبتلا ہونے کے باعث ہسپتال منتقل کردیا گیا تھا جہاں انجیوپلاسٹ کے بعد ان کی طبیعت بہتر ہوگئی تھی- ذرائع نے بتایا تھا کہ مولانا طارق جمیل کو دل میں درد کی شکایت ہوئی تھی جس کے باعث انہیں لاہور میں جوہر ٹاؤن کے نجی ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں ان کی انجیوگرافی کی گئی تھی-