ہندومسلم بھائی چارہ ختم کرنے کی بی جے پی کی کوشش کامیاب ہونے نہیں دوں گا:کمارسوامی رام نگرم میں جنتادل (ایس) کی پنچ رتھ یاترا کا اجلاس:ہزاروں افراد شریک

RushdaInfotech December 19th 2022 urdu-news-paper
ہندومسلم بھائی چارہ ختم کرنے کی بی جے پی کی کوشش کامیاب ہونے نہیں دوں گا:کمارسوامی رام نگرم میں جنتادل (ایس) کی پنچ رتھ یاترا کا اجلاس:ہزاروں افراد شریک

رام نگرم -18دسمبر(غضنفرعلی بیگ بابو) سابق وزیر اعلیٰ ایچ ڈی کمار سوامی کی پنچ رتھا یاترا کا منچن بیلے سے صبح آٹھ بجے آغاز کیا گیا جس میں عوام کی بہت بڑی تعداد موجود تھی منچن بیلے سے رام نگرم آنے تک شام پانچ بج گئے- اسی د وران رام نگرم کے پرانے بس اسٹانڈ میں ایک جلسہ عام منعقد کیا گیا تھا جس میں لگ بھگ چالیس ہزار کے قریب لوگوں کا مجمع تھا جس میں اکثریت مسلمانوں کی تھی - شہر میں ہر جگہ جتنا دل ایس کا پرچم تھامے لوگ نظر آرہے تھے۔ اس جلسے میں کمار سوامی، رام نگرم کی ایم ایل اے انیتا کمار سوامی، ماگڑی کے رکن اسمبلی منجو، نکھل کمار سوامی، کارپوٹر عمران، جنتا دل ا یس کے ضلع صدر راج شیکھر، سہیل پاشاہ ٹاؤن بلاک جنتا دل ایس کے صدر، ایم جی فیروز، جنتا دل کے منسپل کونسلرس، بابو اور جنتا دل ایس کے لیڈر موجود رہے- اس موقع پر کمار سوامی نے کہا کہ پنچ رتھ یاترا کا مقصد ریاستی عوام کی بھلائی ہے جس میں کسانوں کے تمام مسائل کو حل کرنے ترجیح دی جائے گی - انہوں نے کہاکہ عوام کو گھروں کی مختلف اسکیمیں جاری کرکے ریاست کے ہر مذہب والوں کو شامل کیا جائے گا-خاص کر تعلیم پر توجہ مرکوز کرتے ہوئے نرسری سے لے کر ڈگری تک تعلیم مفت دی جائے گی -انہوں نے مزید کہا کہ جس وقت وہ وزیراعلیٰ تھے رام نگرم کیلئے راجیوو گاندھی یونیور سٹی کا اعلان کیا تھا بلکہ اس کیلئے فنڈ بھی جاری کیا جاچکا ہے مگر موجودہ ریاستی بی جے پی حکومت نے اس کام کو سرد خانے میں ڈال دیا ہے-اس میں کانگریس بھی شامل ہے -انہوں نے کہا کہ پانچ ہزار ایک سو روپئے کے مکانوں کی اسکیم کو جاری کرنے بسون پورا میں زمین خریدی گئی ہے جلد ہی اس پر کام شروع کیا جائے گا۔ انہوں نے ریاستی بی جے پی پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ بی جے پی کے پاس ملک اور ریاست کی ترقی کیلئے کوئی اسکیم اور مقصد ہی نہیں ہے بی جے پی کا سب سے بڑا مقصد یہی ہے کہ ہندوؤں اور مسلمانوں کے درمیان نفرت کا بیج بو کر اقتدار کی ہوس پوری کرے -انہوں نے کہاکہ ریاست میں ہندو اور مسلمان آپس میں بھائی بھائی کی طرح رہتے آئے ہیں ہر کام میں ہم آپس میں ایک دوسرے کا تعاون کرتے رہے ہیں ان کا مقصد ہماری بھائی چارگی کو برباد کرنا اور خو د اقتدار پر قابض ہونا ہے جسے ہماری پارٹی کسی بھی قیمت پر کامیاب ہونے نہیں دے گی - انہوں نے کہاکہ جس وقت ریاست میں حجاب اور حلال کے بارے میں بحث چل رہی تھی تو اس وقت میں نے سب سے پہلے آواز اٹھائی تھی،یہاں تک کہ کانگریس پارٹی بھی خاموش تماشائی بنی رہی۔ اسی وقت میں نے کہا تھا کہ اگر آپ لوگوں کو ٹیپوسلطان سے اتنی نفرت ہے تو ٹیپو سلطان کی طرف سے عطا کی گئی تمام جائیدادں جس میں مندر بھی شامل ہیں لوٹادو- انہوں نے مزید کہا کہ رام نگرم سے میرا گہرا تعلق ہے مجھے یہاں کی مٹی سے پیار ہے -اس موقع پر انتیا کمار سوامی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مجھے اور میرے خاندان کو اس حلقے کے لوگوں نے بہت پیار دیا ہے ہمارا اصل گھر اسی حلقہ میں ہے۔ مجھے امید ہے کہ آپ لوگوں نے میرے سسر، میرے شوہر اور خود مجھے جس طرح سے ساتھ دے کر مجھے خدمت کرنے کا موقع دیا ہے اسی طرح میرے بیٹے ایچ ڈی نکھل کمار سوامی کو بھی آپ خدمت کرنے کا موقع دیں گے -اسی دوران نکھل کمار سوامی نے حاضرین سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ میں ہر وقت آپ لوگوں کی خدمت کیلئے تیار ہوں، مسلمان اور ہندو سب میرے بھائی ہیں بی جے پی ہمارے بھائی چارے کو ختم نہیں کرسکتی۔مرتے دم تک میں اس حلقے کی خدمت کرتا رہوں گا میرے دادا اور میرے والد نے جو اصوال اپنا ئے ہیں اسی پر چلتے اپنی خدمت انجام دیا کروں گا-


Recent Post

Popular Links