27سالوں کا حساب، گجرات مانگے جواب ملیکارجن کھرگے کے وزیر اعظم مودی سے 3/اہم سوال

RushdaInfotech November 25th 2022 urdu-news-paper
27سالوں کا حساب، گجرات مانگے جواب  ملیکارجن کھرگے کے وزیر اعظم مودی سے 3/اہم سوال

نئی دہلی:24نومبر(ایجنسی) گجرات میں اسمبلی انتخابات کی تیاریاں زوروں پر ہیں اور تمام پارٹیاں انتخابی مہم میں مصروف ہیں۔ حزب اختلاف کے لیڈروں کا الزام ہے کہ ریاست میں دہائیوں سے برسراقتدار رہنے والی بی جے پی مسائل پر بات نہیں کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھگوا پارٹی خود عوام کو جواب اور حساب دینے کی بجائے کانگریس سے سوال پوچھ رہی ہیں اور اسے نشانہ بنا رہی ہے۔ دریں اثنا، کانگریس صدر ملکارجن کھرگے نے حکمراں بی جے پی اور وزیر اعظم سے 3 / اہم سوال پوچھے ہیں۔ کھرگے نے ٹوئٹ کیاکہ نریندر مودی جی، کانگریس کو کوسنے کی بجائے بی جے پی کی ناقص غلط حکمرانی پر بات کریں! گجرات کے بچوں کا مستقبل کیوں خراب کیا؟ غذائی قلت کے شکار، کم وزن بچوں میں گجرات 30 ریاستوں میں 29 ویں نمبر پر کیوں ہے؟ بچوں کی شرح اموات میں یہ 19ویں نمبر پر کیوں ہے؟ ٹوئٹ کے ساتھ کھرگے نے لکھا 27 سال کا حساب، گجرات مانگے جواب!وہیں، انڈین نیشنل کانگریس کے مصدقہ ٹوئٹر ہینڈل سے آدیواسیوں کیلئے حقوق کی فراہمی کا وعدہ کیا گیا۔ پارٹی نے لکھا کانگریس پوری طرح سے قبائلیوں کیلئے وقف ہے۔ گجرات میں کانگریس کی حکومت بنتے ہی، بھوریا کمیٹی کی رپورٹ کو نافذ کریں گے۔ آئین کے پانچویں شیڈیول کو نافذ کریں گے اور جنگل کی زمین پر قبائلیوں کے حقوق فراہم کریں گے۔کانگریس لیڈر راہل گاندھی نے بھی اپنے بیان میں قبائلیوں کے حقوق پر بات کی۔ انہوں نے کہا کہ آدیواسیوں کے ساتھ میرا اور میرے پریوار کا بہت گہرا رشتہ ہے۔ میں ان کے حقوق کی حفاظت کیلئے لڑتا رہوں گا۔


Recent Post

Popular Links