پاکستان کو ملا نیا فوجی سربراہ وزیر اعظم شہباز شریف جنرل عاصم منیر کو سونپیں گے فوج کی کمان

RushdaInfotech November 25th 2022 urdu-news-paper
پاکستان کو ملا نیا فوجی سربراہ  وزیر اعظم شہباز شریف جنرل عاصم منیر کو سونپیں گے فوج کی کمان

اسلام آباد:24نومبر(ایجنسی) پاکستان کے وزیر اعظم شہباز شریف نے جنرل عاصم منیر کو نیا چیف آف آرمی اسٹاف مقرر کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اسی کے ساتھ لیفٹیننٹ جنرل ساحر شمشاد مرزا کو چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف مقرر کیا جائے گا۔وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر پیغام میں کہا کہ وزیراعظم پاکستان محمد شہباز شریف نے آئینی اختیار استعمال کرتے ہوئے لیفٹیننٹ جنرل ساحر شمشاد مرزا کو چیئرمین جوائنٹ چیف آف اسٹاف اور لیفٹیننٹ جنرل سید عاصم منیر کو چیف آف دی آرمی اسٹاف مقرر کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس بابت سمری صدر پاکستان کو ارسال کر دی گئی ہے۔اس حوالے سے وزیر دفاع خواجہ آصف نے ٹوئٹ کرتے ہوئے کہا کہ ایڈوائس صدر عارف علوی کے پاس چلی گئی ہے، اب عمران خان کا امتحان ہے کہ وہ دفاع وطن کے ادارے کو مضبوط بنانا چاہتے ہیں یا متنازع۔ انہوں نے کہا کہ صدر عارف علوی کی بھی آزمائش ہے کہ وہ سیاسی ایڈوائس پر عمل کریں گے یا آئینی وقانونی ایڈوائس پر، افواج کے سپریم کمانڈر کی حیثیت سے ادارے کو سیاسی تنازعات سے محفوظ رکھنا ان کا فرض ہے۔دوسری جانب چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے کہا ہے کہ سمری آنے کے بعد میں اور صدر پاکستانی آئین و قانون کے مطابق کام کریں گے۔ گزشتہ روز چیئرمین عمران خان نے کہا تھا کہ صدر مملکت عارف علوی سے میرا رابطہ ہے اور آرمی چیف کی تعیناتی کے بارے میں سمری جاتی ہے تو وہ مجھ سے مشورہ کریں گے۔


Recent Post

Popular Links