ہندوستان کی سختی پر قطر کا جواب:فیفاورلڈکپ کیلئے ذاکر نائیک کو نہیں دیا تھا دعوت نامہ

RushdaInfotech November 24th 2022 urdu-news-paper
ہندوستان کی سختی پر قطر کا جواب:فیفاورلڈکپ کیلئے ذاکر نائیک کو نہیں دیا تھا دعوت نامہ

دوحہ:23نومبر(ایجنسی)قطر میں ہورہا فیفا ورلڈ کپ اس وقت تنازعات میں گھر گیا تھا، جب مفرور بنیاد پرست ذاکر نائیک نے فیفا ورلڈ کپ-2022 کی افتتاحی تقریب میں شرکت کی تھی۔ اس پر ہندوستان نے قطر پر سخت اعتراض ظاہر کیا تھا۔ اب دوحہ نے اس معاملے پر اپنا موقف واضح کر دیا ہے جو سنگین ہوتا جا رہا ہے۔ قطر نے سفارتی سطح پر ہندوستان کو مطلع کیا ہے کہ ذاکر نائیک کو فٹبال ورلڈ کپ کی افتتاحی تقریب میں شرکت کیلئے مدعو نہیں کیا گیا تھا۔ قطر کا کہنا ہے کہ دیگر ممالک کی جانب سے اس حوالے سے غلط معلومات پھیلائی جا رہی ہیں، تاکہ ہندوستان اور قطر کے باہمی تعلقات خراب ہوں۔حکومت ہند نے واضح طور پر قطر کو اپنا اعتراض پہنچا دیا تھا۔ ہندوستان نے کہا تھا کہ اگر قطر نے فٹبال ورلڈ کپ کی افتتاحی تقریب میں مفرور ذاکر نائیک کو باضابطہ طور پر مدعو کیا تھا تو نئی دہلی سے نائب صدر جگدیپ دھنکھڑ افتتاحی تقریب میں شرکت کیلئے دوحہ نہیں جائیں گے۔ اب ہندوستان کے اعتراض پر قطر نے نئی دہلی کو اس سے آگاہ کر دیا ہے۔ قطر نے کہا کہ ذاکر نائیک کو دوحہ نے باضابطہ طور پر مدعو نہیں کیا تھا۔ قطر کا کہنا ہے کہ ہندوستان کے ساتھ دوطرفہ تعلقات کو خراب کرنے کیلئے ایسی غلط معلومات پھیلائی جا رہی ہیں۔ہندوستان 2016سے ذاکر نائیک کی تلاش میں ہے۔ مفرور ذاکر نائیک پر منی لانڈرنگ کے ساتھ ساتھ نوجوانوں کو دہشت گردی کیلئے اکسانے کا الزام ہے۔ ذاکر نائیک پر نفرت انگیز تقریر کرنے کا بھی الزام ہے۔ اس سال مارچ میں مفرور ذاکر نائیک کے زیر انتظام اسلامک ریسرچ فاؤنڈیشن کو وزارت داخلہ نے غیر قانونی تنظیم قرار دیا تھا۔ IRFپر UAPAکی سخت دفعات کے تحت پابندی لگا دی گئی ہے۔ ذاکر نائیک نے ملیشیا میں پناہ لے رکھی ہے۔ ہندوستان نے اس سلسلے میں ملیشیا کو حوالگی کی درخواست بھی بھیجی ہے۔ خیال کیا جاتا ہے کہ سال 2020 میں دہلی میں ہوئے فسادات میں بھی اس کا ہاتھ تھا۔ نفرت انگیز تقاریر کی وجہ سے برطانیہ اور کینیڈا نے بھی ذاکر نائیک پر پابندی عائد کر رکھی ہے۔


Recent Post

Popular Links