زیادہ قیمت پر فیڈس فروخت کرنے کے خلاف احتجاج
ملباگل۔13دسمبر (سالارنیوز) رعیت سنگھا کی جانب سے یہاں ویٹرنری اسپتال کے سامنے احتجاج کرتے ہوئے مطالبہ کیا گیا کہ زیادہ قیمت پر فیڈس فروخت کررہے نجی دکانوں کے خلاف کارروائی کی جائے، قیمتوں پر قابو پانے خصوصی ٹیم تشکیل دی جائے اور ڈیری فارمنگ کو تحفظ فراہم کیا جائے۔ اس موقع پر ایک یادداشت اسسٹنٹ ڈائرکٹر کے ذریعہ محکمہ مویشی پالن کے ڈپٹی ڈائرکٹر کو پیش کی گئی۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے سنگھا کے ریاستی نائب صدر نارائن گوڈا نے کہا کہ سیلاب اور قحط زدہ صورتحال کے درمیان بھی کسانوں نے لاکھو ں روپئے قرضہ حاصل کرکے فصلوں کو اگایا لیکن فصلوں کو نقصان ہونے کی وجہ سے کسان پریشان ہیں۔ انہو ں نے بتایا کہ چند نجی دکانوں کی جانب سے زیادہ قیمت پر فیڈس فروخت کرکے کسانوں کو مزید پریشانی میں ڈال دیا ہے۔ انہو ں نے بتایا کہ ملک فیڈریشن کی جانب سے فی لیٹر دودھ کی قیمت میں ایک روپیہ اضافہ کیا گیا ہے، لیکن نجی دکانوں کے مالکان فی تھیلہ 10روپئے زیادہ قیمت وصول کررہے ہیں۔ یادداشت قبول کرتے ہوئے اسسٹنٹ ڈائرکٹر انورادھا نے تیقن دیا کہ دکان مالکان کا اجلاس طلب کرکے مناسب قیمت پر فیڈس فروخت کرنے کی ہدایت دی جائے گی۔ اس موقع پر ایکمبہلی منجوناتھ، بنگاری منجو، وجئے پال، زبیر پاشاہ، عادل پاشاہ ودیگر حاضر رہے۔