افغانستان: چائنیز ہوٹل میں زوردار دھماکہ اور فائرنگ 3/افراد ہلاک، 18 سے زائد زخمی

کابل:12دسمبر(ایجنسی)افغانستان میں دھماکوں اور خود کش حملوں کا سلسلہ دراز ہوتا چلا جا رہا ہے۔ تازہ ترین اطلاعات کے مطابق پیر کی دوپہر کابل واقع ایک چائنیز ہوٹل میں زوردار دھماکہ ہوا ہے۔ اتنا ہی نہیں، مقامی لوگوں کے مطابق ہوٹل سے لگاتار فائرنگ اور دھماکے کی آوازیں سنائی دے رہی ہیں، جس سے اندازہ ہوتا ہے کہ حملہ آور ہوٹل کے اندر داخل ہو گئے ہیں۔ تازہ ترین اطلاعات کے مطابق ان دھماکوں اور فائرنگ میں اب تک 3 /افراد ہلاک ہو چکے ہیں اور 18 سے زائد زخمی ہوئے ہیں۔ بتایا جاتا ہے کہ کچھ لوگوں کو ہوٹل کی کھڑکی سے لٹکتے ہوئے دیکھا گیا ہے اور ایک خوفناک منظر دیکھنے کو مل رہا ہے۔بتایا جاتا ہے کہ کابل کے شارینو علاقہ میں اسٹار-اے-نو نام سے ایک ہوٹل ہے جہاں سینئر چینی افسروں کی آمد و رفت اکثر دیکھی جاتی ہے۔ اسی لیے اس ہوٹل کو چائنیز ہوٹل کہا جاتا ہے۔ نیوز ایجنسی اے ایف پی کے مطابق اسی ہوٹل میں دھماکہ اور فائرنگ کا واقعہ پیش آیا ہے۔ حالانکہ حملہ آور کون ہیں، اس سلسلے میں کوئی بھی جانکاری نہیں مل سکی ہے۔مقامی میڈیا سے جڑے نامہ نگاروں نے چائنیز ہوٹل پر حملے کی کچھ ویڈیوز سوشیل میڈیا پر شیئر کی ہیں۔