ٹرمپ کا تیسری مرتبہ امریکی صدارتی الیکشن میں حصہ لینے کا اعلان

RushdaInfotech November 17th 2022 urdu-news-paper
ٹرمپ کا تیسری مرتبہ امریکی صدارتی الیکشن میں حصہ لینے کا اعلان

واشنگٹن-16نومبر (ایجنسی)ڈونالڈ ٹرمپ تیسری مرتبہ امریکہ کی صدارت کا انتخاب لڑنے کیلئے میدان میں کود گئے ہیں -خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق منگل کو ریپبلکن پارٹی میں صدارتی نامزدگی کی دوڑ کا آغاز ہوا اور یہ ایسے حالات میں ہو رہا ہے جب وسط مدتی انتخابات میں ڈونالڈ ٹرمپ کے نامزد کردہ امیدواروں کی کمزور کارکردگی کی وجہ سے ان کی اپنی پارٹی پر گرفت ڈھیلی پڑ گئی ہے-76سالہ سابق صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے فلوریڈا میں اپنی رہائش گاہ مار اے لاگو میں امریکی پرچموں سے سجے ہوئے بال روم میں جمع اپنے سینکڑوں حامیوں سے مخاطب ہو کر کہا کہ ’امریکہ کی واپسی کا عمل ابھی شروع ہو رہا ہے-ڈونالڈ ٹرمپ نے عوامی سطح پر اعلان کرنے سے پہلے اپنے کاغذات نامزدگی امریکی انتخابی اتھارٹی کے پاس جمع کرائے-صدارتی الیکشن میں نامزدگی کیلئے ٹرمپ کی جلدبازی دیکھ کر خیال کیا جا رہا ہے کہ وہ 2024میں الیکشن لڑنے کے خواہاں دیگر پارٹی لیڈر پر برتری حاصل کرنا چاہتے ہیں -امریکہ کے وسط مدتی انتخابات میں ریپبلکن پارٹی کے امیدواروں کی مایوس کن کارکردگی کے بعد یہ سوال اٹھنا شروع ہو گئے ہیں کہ کیا ڈونالڈ ٹرمپ اپنی سیاست کے تقسیم پسند برانڈ اور قانونی جھمیلوں کے باوجود درست آدمی ہیں کہ انہیں اگلے الیکشن میں پارٹی کا پرچم تھمایا جائے- ڈونالڈ ٹرمپ کے الیکشن نے دنگل میں اترنے کے اعلان پر اپنے ردعمل میں صدر جو بائیڈن نے کہا کہ انہوں نے اپنے عہدے پر رہتے ہوئے اپنے ملک کو ’ناکام‘ کیا-صدر جو بائیڈن نے بدھ کو اپنے ایک ٹویٹ میں لکھا کہ ’ڈونالڈ ٹرمپ نے امریکہ کو ناکام کیا-‘ٹویٹ میں شامل ویڈیو میں صدر جو بائیڈن نے ٹرمپ پر ’معیشت میں امیروں کیلئے خرد برد، طبی سہولیات کی تباہی، انتہاپسندوں کی پشت پناہی، خواتین کے حقوق پر حملے اور پْرتشدد ہجوم کو اشتعال دلانے‘ جیسے الزامات عائد کیے-


Recent Post

Popular Links