پاکستان نیوزی لینڈ کو شکست دے کر ٹی۔20 عالمی کپ کے فائنل میں پہنچا اتوارکے روز ہندوستان یااگلینڈ سے ہوگا فائنل مقابلہ،شائقین کرکٹ کی دل کی دھڑکنیں تیز

سڈنی،9 نومبر (آئی این ایس) پاکستان نے نیوزی لینڈ کو شکست دے کر ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2022 کے فائنل میں جگہ بنالی ہے۔ پاکستان نے سیمی فائنل میچ 7 وکٹوں سے جیت لیا۔ نیوزی لینڈ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 153 رنز کا ہدف دیا۔ جواب میں پاکستان نے 3 وکٹوں کے نقصان پر میچ جیت لیا۔ پاکستان کی جانب سے محمد رضوان اور بابر اعظم نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ دونوں نے نصف سنچریاں بنائیں۔ جبکہ شاہین آفریدی نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔ نیوزی لینڈ کی جانب سے ڈیرل مچل نے ناقابل شکست نصف سنچری اسکور کی۔پاکستان فائنل میں پہنچ گیا ہے جو 13 نومبر کو کھیلا جائے گا۔ اب پاکستان کا مقابلہ دوسرا سیمی فائنل جیتنے والی ٹیم سے ہوگا۔نیوزی لینڈ کی جانب سے دیئے گئے ہدف کے تعاقب میں پاکستان ٹیم کی جانب سے بابر اور رضوان نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کیا۔ ٹیم نے 19.1 اوورز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر میچ جیت لیا۔ کپتان بابر ا عظم اور رضوان کے درمیان سنچری شراکت ہوئی۔اس کے بعد بابر 53 رنز بنانے کے بعد پویلین لوٹ گئے۔ انہوں نے 42 گیندوں میں 7 چوکے لگائے۔ رضوان نے بھی شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ انہوں نے 43 گیندوں پر 57 رنز بنائے۔ رضوان کی اننگز میں 5 چوکے شامل تھے۔ محمد حارث 26 گیندوں پر 30 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے۔ انہوں نے 2 چوکے اور ایک چھکا لگایا۔نیوزی لینڈ کی جانب سے ٹرینٹ بولٹ نے 2 وکٹیں حاصل کی۔ انہوں نے رضوان اور بابر کو پویلین بھیجا، لیکن تب تک بہت دیر ہوچکی تھی، بولٹ نے 4اوورز میں 33رنز دیئے۔ مچل سینٹرٹن نے 4اوورز میں 26رنز دے کر ایک وکٹ حاصل کی۔نیوزی لینڈ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20اوورز میں 4وکٹوں کے نقصان پر 152رنز بنائے۔ اس دوران ڈیرل مچل نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ انہوں نے 35گیندوں پر ناٹ آؤٹ 53رنز بنائے۔ مچل کی اننگز میں 3چوکے اور ایک چھکا شامل تھا۔کپتان کین ولیمسن نے46رنز بنائے۔ انہوں نے ایک چوکا اور ایک چھکا لگایا۔ اوپنر کونوے نے 20گیندوں پر21رنز کی اننگز کھیلی۔ گلین فلپس6رنز بنانے کے بعد پویلین لوٹ گئے۔پاکستان کی جانب سے شاہین آفریدی نے شاندار بولنگ کی۔ انہوں نے4 اوورز میں 24رنز دے کر 2 وکٹیں حاصل کیں، جب کہ شاداب خان نے 4اوورز میں 33رنز دیئے۔