ملک کی ترقی اور سا لمیت کیلئے امن و اتحاد ضروری دیوبند میں منعقد جمعیۃ کی سدبھاؤنا سنسد میں مذہبی رہنماؤں اور سرکردہ شخصیات کا پیغام

RushdaInfotech October 30th 2022 urdu-news-paper
ملک کی ترقی اور سا  لمیت کیلئے امن و اتحاد ضروری دیوبند میں منعقد جمعیۃ کی سدبھاؤنا سنسد میں مذہبی رہنماؤں اور سرکردہ شخصیات کا پیغام

دیوبند۔29/ اکتوبر(ایجنسی)جمعیۃ علماء ہند کی سدبھاؤنا منچ کے تحت آج دیوبند میں سدبھاؤنا سنسد کا انعقاد کیا گیا، جس میں تمام مذاہب سے تعلق رکھنے والے مذہبی رہنماؤں اور سرکردہ شخصیات نے شرکت کرکے متحدہ طور پر ملک میں امن و اتحاد اور بھائی چارے کا پیغام دیا اور جمعیۃ علماء ہند کی سدبھاؤ مہم کی تعریف کرتے ہوئے اسے وقت کی اہم ترین ضرورت قرار دیا،اس دوران ہاتھ اٹھاکر اتحاد کا پیغام دیا گیا۔عیدگاہ روڈ پرواقع شیخ الہند ہال میں منعقد سدبھاؤنا سنسد میں مہمان خصوصی مغربی بنگال کی ممتا بنرجی حکومت میں کابینہ کے وزیر اور جمعیۃ علماء بنگال کے ریاستی صدر مولانا صدیق اللہ چودھری نے ملک کے موجودہ حالات پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ دیوبند نے ہمیشہ بھائی چارے اور اتحاد کو مضبوط کرنے میں بنیادی کردار ادا کیا ہے، اب ایک بار پھر دیوبند کے اوپر یہ بڑی ذمہ داری عائد ہے کہ وہ ملک اور دنیا میں امن قائم کرنے کے لیے وہی کردار ادا کرے جو اس کی تاریخ اور روایت ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسلام نے انسانیت، بھائی چارے اور مساوات کو بہت اہمیت دی ہے، اسلام نے ہمیشہ انسانیت کو ترجیح دی ہے اور نبی کریمؐ نے پوری انسانیت کے لئے امن و سلامتی کا بے نظیر پیغام دیاہے،جس پر عمل کرنے سے پوری انسانیت فلاح وکامیابی پاسکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ تمام ہندو مسلمانوں کو ملک میں امن اور بھائی چارے کی مضبوطی کے لیے کام کرنا چاہئے اور دیوبند کی اس تاریخی سرزمین سے ہمیں متحدہ طور پر ملک کے اتحاد کو مضبوط کرنے کا پیغام دینا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ جمعیۃ علماء ہند سدبھاؤنا منچ قائم کرکے ملک کو ایک لڑی میں پرونے کا کام کررہی ہے۔ انہوں نے کہاکہ ہندوستان سے اچھا ملک پوری دنیا میں نہیں ہے، لیکن آج کچھ فرقہ پرست طاقتیں ملک کو ٹکڑے ٹکڑے کرنا چاہتی ہیں،ہمیں ملک کی سا لمیت کے لئے اس بات کو سمجھنا ہوگا، انہوں نے کہاکہ ابھی یہ بات نہ سمجھی گئی تو پھر مشکلات میں مزید اضافہ ہوجائے گا۔ انہوں نے ملک کی آزادی میں علمائے کرام کی قربانیوں پر بھی روشنی ڈالی اورکہاکہ ملک کی آزادی در حقیقت اتحاد کے سبب ہوئی تھی اور اب ایک مرتبہ پھر ملک کو اسی اتحاد کی ضرورت ہے۔جمعیۃ علماء ہند کے جنرل سکریٹری مولانا حکیم الدین قاسمی نے بتایا کہ جمعیۃ علماء ہند کی جانب سے 12 /افرادپر مشتمل ایک کمیٹی بنائی گئی ہے، جس میں 6 مسلم اور 6 غیر مسلم شامل ہیں، جو موجودہ نفرت کے دور کو ختم کرنے کے لیے کام کریں گے، اس طرح کی کمیٹیاں ملک بھر میں قائم کی جائیں گی، جو پورے ملک میں امن و سلامتی،بھائی چارے اور پیارو محبت کا پیغام دینے کے لئے کام کریں گی۔ انہوں نے کہا کہ جمعیۃ علمائے ہند پورے ملک میں ایک ہزار سدبھاؤنا سنسد کا انعقاد کررہی ہے اور اسی کے تحت آج کا دیوبند کا یہ پروگرام منعقد ہو اہے۔ایس پی دیہات سورج رائے نے کہا کہ ملک کی مضبوطی کے لئے خیرسگالی کا پیغام ضروری ہے، انہوں نے کہا کہ اس طرح کے پروگرام وقتاً فوقتاً منعقد ہونے چاہئیں تاکہ معاشرے میں پھیلی ہوئی دوریاں ختم ہوسکیں اور ملک کی گنگا جمنی تہذیب کو زندہ رکھا جا سکے۔ دارالعلوم دیوبند کے استاذ حدیث و نائب صدر جمعیۃ علماء مولانا سلمان بجنوری نے موجودہ حالات پر روشنی ڈالتے ہوئے کہاکہ مسئلہ ہندو مسلمان کا نہیں ہے بلکہ اصل مسئلہ ہمارے ملک کا ہے اور اس کی بقاء اور تہذیب کو باقی رکھنے کاہے۔ پرویندر کمار اور ذہین احمد نے تمام مہمانوں کا شکریہ ادا کیا۔ پروگرام کی نظامت سید وجاہت شاہ نے کی اور مولانا سلمان بجنوری کی دعاء پر پروگرام کا اختتام ہوا۔


Recent Post

Popular Links