شیواجی نگر کے رسل مارکیٹ کی زبوں حالی سے تاجر پریشان ٹوٹی چھت، رستا پانی، بوسیدہ دیواریں مارکیٹ کی خستہ صورتحال کا آئینہ

بنگلورو۔28/اکتوبر(سالار نیوز)شہر کے شیواجی نگر علاقے کے قلب میں آنے والا رسل مارکیٹ جو کئی خصوصیات کا حامل رہا ہے اور اس کو ایک معروف تجارتی مرکز مانا جاتا رہا ہے، دن بد ن اس مارکیٹ کی رونق ختم ہو تی جا رہی ہے اور مارکیٹ کی دیکھ بھال میں برہت بنگلور و مہا نگر پالیکے کی مبینہ لاپروائی اس مارکیٹ کے وجود کے لئے ہی ایک سنگین خطرہ بن گئی ہے۔ شہر میں گزشتہ چند مہینوں سے جاری موسلا دھار بارش کی وجہ سے رسل مارکیٹ کی چھت کو نقصان پہنچنے کے ساتھ ساتھ ڈرائینیج نظام میں خرابی کی وجہ سے دکانداروں کو نقصان پہنچا ہے۔ رسل مارکیٹ کے تاجروں کی اسوسی ایشن کے صدر محمد ادریس نے اس سلسلہ میں ”روزنامہ سالار“ کوبتایا کہ اس مارکیٹ کی 450 دکانوں میں سے پہلے ہی تقریباً50 دکانیں اس لئے بند کی جا چکی ہیں کہ ان کا ڈھانچہ بوسیدہ ہو چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس سلسلہ میں بار بار بی بی ایم پی حکام کو متوجہ کروایا گیا ہے لیکن اس سے کچھ زیادہ مدد نہ مل سکی۔ اب مارکیٹ کی چھت سے جا بجا بارش کا پانی رس رہا ہے۔ چھت کے کچھ حصے پوری طرح ٹوٹ چکے ہیں،جس کی وجہ سے مارکیٹ میں بار ش ہو رہی ہے اور دکانوں میں رکھا گیا مال جس میں پھل، ترکاریاں، پھول، ڈرائی فروٹس وغیرہ شامل ہیں تباہ ہو رہے ہیں۔ ادریس نے کہا کہ اس وجہ سے دکاندارو ں کے لاکھوں روپے کا نقصان ہو چکا ہے۔ اس سلسلہ میں بی بی ایم پی کمشنر تشار گری ناتھ سے سوال کئے جانے پر انہوں نے کہا کہ صرف رسل مارکیٹ ہی نہیں شہر میں متعدد مارکیٹوں میں خراب حالات کے بارے میں مسلسل شکایت موصول ہو تی رہی ہے۔ بی بی ایم پی کی طرف سے ان سے نپٹنے کیلئے کارروائی بھی بارہا کی گئی ہے۔ اب رسل مارکیٹ اور دیگر بازارو ں کے بارے میں جو شکایتیں سامنے آئی ہیں ان کا جائزہ لے کر انہیں نپٹانے کی کوشش کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ آزادی سے پہلے تعمیر کئے گئے رسل مارکیٹ کی چھت کے ٹو ٹ جانے اور اس کی دیواریں بوسیدہ ہوجانے کی شکایت مارکیٹ کے تاجروں کی طرف سے ان کے علم میں لائی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بی بی ایم پی کی طرف سے اس بات پر غور کیا جا رہا ہے کہ رسل مارکیٹ کی پوری عمارت کا معائنہ کسی نجی ایجنسی کے ذریعہ کروایا جائے، تاکہ اس بات کا پتہ لگایا جا سکے کہ یہ عمارت موجودہ حالت میں استعمال کے قابل ہے بھی یا نہیں، اس کے بعد ہی بی بی ایم پی مارکیٹ کی مرمت یا تعمیر نو کے بارے میں کوئی فیصلہ لے سکتی ہے۔