حیدرآباد میں پٹاخوں کی خریداری عروج پر۔پھولوں کی فروخت میں اضافہ

RushdaInfotech October 25th 2022 urdu-news-paper
 حیدرآباد میں پٹاخوں کی خریداری عروج پر۔پھولوں کی فروخت میں اضافہ

حیدرآباد:24/اکتوبر(یواین آئی) روشنیوں کے تہوار دیوالی کے موقع پرشہر حیدرآباد میں پٹاخوں کی خریداری عروج پر ہے۔کئی مقامات پر پٹاخوں کی فروخت کیلئے خصوصی اسٹالس لگائے گئے ہیں۔اسٹالس کے قریب آگ لگنے کے واقعات کو روکنے کیلئے احتیاطی اقدامات کئے گئے ہیں۔ دکان مالکوں نے کہا کہ فائر اسٹیشن سے اسٹالس کیلئے اجازت حاصل کی گئی ہے اور پانی کے ٹینکرس کو بھی تیار رکھاگیا ہے تاکہ کسی بھی قسم کے ناگہانی واقعہ کو روکا جاسکے۔ پھول مارکٹس میں عوام کا ہجوم دیکھاجارہا ہے۔شہر کی گڈی ملکاپور فلاور مارکٹ میں پھولوں کی فروخت میں اضافہ درج کیاگیا ہے۔اس مارکٹ میں طرح طرح کے پھول فروخت کئے جاتے ہیں۔ان پھولوں کو مکانوں، دکانوں، تجارتی اداروں کو سجانے کے ساتھ ساتھ مختلف مقاصد کیلئے استعمال کیاجاتا ہے۔اس مارکٹ میں پھولوں کا کاروبار کرنے والوں نے بتایا کہ اس مرتبہ ان مخصوص پھولوں کی قیمت معمول سے زیادہ رہی اور ان کی قیمتوں میں گذشتہ برسوں کے مقابلہ اضافہ ہوا۔اس مرتبہ بہتر بارش کی وجہ سے پھولوں کی فصل بہتر ہوئی ہے اور ان کی کمی نہیں ہے۔ان پھولوں کا کاروبار کرنے والوں نے بتایا کہ بہتر معیار کے پھول کی قیمت 80تا100روپئے ہے۔انہوں نے کہاکہ شمس آباد،ابراہیم پٹنم اور معین آباد منڈل سے ان پھولوں کو اس مارکٹ میں فروخت کرنے کیلئے لایاجارہا ہے۔


Recent Post

Popular Links