رشدی کی ایک آنکھ ضائع ایک ہاتھ نے کام کرنا چھوڑ دیا

RushdaInfotech October 25th 2022 urdu-news-paper
رشدی کی ایک آنکھ ضائع ایک ہاتھ نے کام کرنا چھوڑ دیا

لندن:24/اکتوبر (ایجنسی) برطانوی نژاد امریکی مصنف سلمان رشدی اپنی ایک آنکھ کی بصارت اور اپنے ایک ہاتھ کے استعمال سے محروم ہو گئے ہیں۔ سلمان رشدی کے ایجنٹ اینڈریو وائلی نے کہا ہے کہ رواں برس اگست میں نیو یارک کی ایک ادبی تقریب میں اسٹیج پر حملے سے زخمی ہونے والے سلمان رشدی کو شدید نوعیت کے زخم آئے تھے۔انہوں نے ہسپانوی اخبار ایل پائس کو ایک انٹرویو کے دوران بتایاسلمان رشدی کی ایک آنکھ کی بینائی زائل ہو گئی۔ انہیں گردن میں بھی تین شدید زخم آئے تھے جس کی وجہ سے ان کے بازو کے اعصاب کٹ گئے اور ان کا ایک ہاتھ ناکارہ ہو گیا۔انہیں سینے اور دھڑ میں مزید 15 زخم لگے تھے۔ اینڈریو وائلی سلمان رشدی کے ایجنٹ ہیں اور وہ معروف ادبی شخصیات سال بیلو اور روبرٹو بولانو کی نمائندگی بھی کرتے ہیں۔خبر رساں ادارے کے مطابق اینڈریو وائلی نے اس بارے میں کچھ کہنے سے انکار کیا کہ آیا 75 سالہ رشدی دو ماہ سے زیادہ عرصہ قبل حملے کا نشانہ بننے کے بعد سے ابھی تک اسپتال میں ہیں۔واضح رہے کہ نیوجرسی کے ایک 24 سالہ نوجوان نے اگست میں اس وقت رشدی کی گردن اور دھڑ پر چاقو سے وار کیے تھے جب وہ جھیل ایری سے تقریباً 19 کلومیٹر کے فاصلے پر واقع شوٹا کوا انسٹی ٹیوشن میں ایک لیکچر دینے والے تھے۔ناول نگار پر حملے کے ملزم نے سیکنڈ ڈگری قتل اور حملے کے الزامات کا قصور وار ہونے سے انکار کیا ہے۔ وہ مغربی نیو یار ک کی ایک جیل میں قید ہے اور اس کی ضمانت نہیں ہو سکی ہے۔


Recent Post

Popular Links