افریقی ملک گامبیا میں 66بچوں کی موت کے بعد عالمی ادارہ صحت کا الرٹ، ہندوستانی کف سیرپ کی جانچ شروع

RushdaInfotech October 7th 2022 urdu-news-paper
افریقی ملک گامبیا میں 66بچوں کی موت کے بعد  عالمی ادارہ صحت کا الرٹ، ہندوستانی کف سیرپ کی جانچ شروع

بانجول: 6/اکتوبر(ایجنسی): افریقی ملک گامبیا میں کم از کم 66 بچوں کی موت کے بعد عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او)نے ہندوستان کے چار کھانسی کے سیرپ (کف سیرپ)کے حوالہ سے الرٹ جاری کیا ہے۔ جس کے بعد ہندوستان نے بھی اس معاملہ پر تحقیقات شروع کر دی ہیں۔ ویب پورٹل اے بی پی نیوز پر شائع ہونے والی رپورٹ میں ذرائع کے حوالہ سے بتایا گیا ہے کہ ڈرگ کنٹرولر جنرل آف انڈیا(سی ڈی ایس سی او)نے فوری طور پر ہریانہ ریگولیٹری اتھارٹی کے ساتھ معاملہ اٹھایا اور تحقیقات شروع کر دیں۔ خیال رہے کہ کھانسی کا سیرپ سونی پت، ہریانہ میں میسرز میڈن فارماسیوٹیکل لمیٹڈ نے تیار کیا ہے۔صحت اور خاندانی بہبود کی وزارت کے ذرائع نے بتایا کہ 29 ستمبر کو ڈبلیو ایچ او نے ڈرگ کنٹرولر جنرل آف انڈیا (سی ڈی ایس سی او)کو کھانسی کے سیرپ کے بارے میں آگاہ کیا تھا۔ ذرائع نے بتایا کہ کھانسی کا سیرپ سونی پت، ہریانہ میں میسرز میڈن فارماسیوٹیکل لمیٹڈ نے تیار کیا ہے۔ اس معاملے پر دستیاب معلومات کے مطابق ایسا لگتا ہے کہ فرم نے یہ مصنوعات صرف گامبیا کو ہی برآمد کی تھیں۔ کمپنی نے ابھی تک ان الزامات کا جواب نہیں دیا ہے۔اس معاملے میں ڈبلیو ایچ او نے خبردار کیا تھا کہ ہو سکتا ہے کہ یہ سیرپ مغربی افریقی ملک کے علاوہ کہیں اور بھی تقسیم کئے گئے ہوں، اگر ایسا ہے تو اس سے عالمی خطرہ لاحق ہو سکتا ہے۔ تاہم ڈبلیو ایچ او نے ابھی تک اموات کیلئے کھانسی کے سیرپ کو ذمہ دار نہیں ٹھہرایا ہے۔ڈبلیو ایچ او کے سربراہ ٹیڈرس ایڈنم گیبریسس نے گزشتہ روز کہا کہ یہ چار ہندوستانی کھانسی کے سیرپ گردوں کو نقصان پہنچانے والے اور گیمبیا میں 66 بچوں کی موت سے منسلک ہو سکتے ہیں۔ ڈبلیو ایچ او کے الرٹ کے مطابق اس کے پاس چار مصنوعات ہیں جن میں پرومیتھازائن اورل سولیوشن، کوفیکسمالن بیبی کف سیرپ، میکوف بیبی کف سیرپ اور میگریپ این کولڈ سیرپ شامل ہیں۔


Recent Post

Popular Links