ڈالر کے مقابلے روپے کی قدرمیں گراوٹ شرمناک:پرمود تیواری

RushdaInfotech September 24th 2022 urdu-news-paper
ڈالر کے مقابلے روپے کی قدرمیں گراوٹ شرمناک:پرمود تیواری

نئی دہلی:23 ستمبر (یو این آئی)راجیہ سبھا کے رکن پارلیمنٹ اور مرکزی کانگریس ورکنگ کمیٹی کے رکن پرمود تیواری نے کہا ہے کہ آج ملک کی "معاشی دنیا" کیلئے سب سے شرمناک دن ہے، جب آزاد ہندوستان کی تاریخ میں روپے کی قدر ریکارڈ کمی کے ساتھ ایک امریکی ڈالر کے مقابلے 81.09 روپے ہو گئی ہے۔ رکن پارلیمنٹ پرمود تیواری کی جانب سے جاری ہونے والے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ امریکہ میں پڑھنے والے ہندوستانی طلباء کا کیا ہوگا؟ وہاں رہنے والے ہندوستانی شہریوں کا کیا ہوگا؟ ان ہندوستانی لوگوں کا کیا ہوگا جو امریکہ میں کاروبار کے شعبے میں سرمایہ لگاتے ہیں؟ آج مودی جی کے دور میں "بھارت ماتا" کی شان میں سب سے "سیاہ باب" کا اضافہ ہوا ہے۔مسٹر تیواری نے کہا ہے کہ ٹھیک 8 سال پہلے جب نریندر مودی جی ریاست گجرات کے وزیر اعلیٰ تھے، وہ پورے ہندوستان میں " دھاڑتے " تھے کہ "بھائیو اور بہنو! جب ملک میں ڈالر کے مقابلے روپے کی قدر گرتی ہے تو ملک کا“کریڈٹ”گر جاتا ہے۔انہوں نے یہ بھی کہا تھا کہ اگر ملک کے روپے کی قدر گرتی ہے تو اس ملک کے وزیر اعظم اور حکومت کی ساکھ بھی گر جاتی ہے۔ مسٹر مودی نے طنزیہ انداز میں یہ بھی کہا تھا کہ "روپے کی قدر میں گراوٹ سے ایسا لگتا ہے کہ یہ وزیر اعظم ڈاکٹر منموہن سنگھ جی کی عمر سے بھی تجاوز کر جائے گی"۔اس وقت ایک امریکی ڈالر کے مقابلے روپے کی قدر 60 سے 70 چل رہی تھی جو وزیر اعظم ڈاکٹر منموہن سنگھ کی عمر کو عبور نہیں کر سکی، لیکن آج وزیر اعظم نریندر مودی کی اعلان کردہ عمر 72 سال سے تجاوز کر گئی ہے یعنی ایک امریکی ڈالر کے مقابلے روپے کی قدر 81.09 روپے ہو گئی ہے۔مسٹر تیواری نے کہا ہے کہ میں بھارتیہ جنتا پارٹی سے پوچھنا چاہتا ہوں کہ آج وزیر اعظم، حکومت اور ملک کا کتناکریڈٹ گر گیا ہے؟
گجرات کے اس وقت کے وزیر اعلیٰ نریندر مودی کے بیان کے حوالے سے، جسے مرکزی وزیر خزانہ محترمہ نرملا سیتا رمن نے بھی راجیہ سبھا میں میرے سوال پر قبول کیا تھا۔مسٹر تیواری نے کہا ہے کہ میری عاجزانہ گزارش ہے کہ محترم مودی جی ملک پر رحم کریں اور معاشی انتظام ملک کے ماہرین اقتصادیات پر چھوڑ دیں تاکہ کم از کم ملک کا کریڈٹ بچ جائے اور روپیہ امریکی ڈالر کے مقابلے میں مضبوط ہو۔


Recent Post

Popular Links