کیرلا میں پی ایف آئی کی ہڑتال ہوئی پرتشدد آر ایس ایس کے دفتر پر بم پھینکا، درجنوں گاڑیوں کی توڑ پھوڑ، پولیس پر حملہ،5مظاہرین گرفتار

RushdaInfotech September 24th 2022 urdu-news-paper
کیرلا میں پی ایف آئی کی ہڑتال ہوئی پرتشدد  آر ایس ایس کے دفتر پر بم پھینکا، درجنوں گاڑیوں کی توڑ پھوڑ، پولیس پر حملہ،5مظاہرین گرفتار

ترواننت پورم:23 ستمبر (ایجنسی) قومی تحقیقاتی ایجنسی(این آئی اے)کی طرف سے 15ریاستوں میں پاپولر فرنٹ آف انڈیا(پی ایف آئی)کے 93 مقامات پر چھاپے مارے جانے کے بعد پی ایف آئی نے جمعہ کو کیرلا بند کا اعلان کیاتھا۔ اس دوران چھاپے کی مخالفت کرنے والے پی ایف آئی کارکن پرتشدد ہو گئے۔ انہوں نے دارالحکومت ترواننت پورم اور کوٹائم میں درجنوں سرکاری بسوں اور گاڑیوں میں توڑ پھوڑ کی۔خبر رساں ایجنسی اے این آئی کے مطابق کننور کے متنور میں آر ایس ایس کے دفتر پر پٹرول بم بھی پھینکے گئے جس کی وجہ سے ٹریفک کا نظام درہم برہم ہوگیا اور معمولات زندگی بھی متاثر ہوئے۔ تاہم اس میں کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ہے۔ پولیس کے مطابق موٹر سائیکل پر سوار پی ایف آئی کے کارکنوں نے کولم میں دو پولیس اہلکاروں پر بھی حملہ کیا۔ یہاں، ترواننت پورم میں تشدد کرنے والے 5پی ایف آئی کارکنوں کو پولیس نے حراست میں لے لیا ہے۔پی ایف آئی کے ریاستی میڈیا کوآرڈی نیٹر اے عبدالستار نے ایک بیان میں کہاکہ گرفتاری آر ایس ایس کے زیر کنٹرول فاشسٹ مرکزی حکومت کے خفیہ ایجنڈے کا حصہ ہے۔ مرکزی ایجنسیوں کو اختلاف رائے کی آوازوں کو دبانے کیلئے استعمال کیا جاتا ہے۔ آئینی اقدار اور شہری حقوق کو پامال کرنے والی فاشسٹ حکومت کے خلاف ہڑتال کی حمایت کیلئے تمام جمہوریت پسندوں کو آگے آنا چاہیے۔ دریں اثناء کیرلا کے پولیس سربراہ انیل کانت نے تمام پولیس افسروں کو ہڑتال سے متعلق تشدد کو ختم کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ سرکاری دفاتر، بینکوں، دیگر اداروں اور کے ایس آر ٹی سی بسوں کے آپریشن کیلئے پولیس سکیورٹی کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔ انہوں نے تشدد اور سرکاری املاک کو نقصان پہنچانے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی بھی ہدایت کی۔
ہائی کورٹ کا از خود مقدمہ:کیرلا ہائی کورٹ نے جمعہ کو پاپولر فرنٹ آف انڈیا (پی ایف آئی) کے رہنماؤں کیخلاف کیرلا میں ایک روزہ ریاست گیر بند کے خلاف از خود مقدمہ شروع کیا۔کیرلا ہائی کورٹ کے حکم کے مطابق کوئی بھی ریاست میں بغیر اجازت بند کی کال نہیں دے سکتاجس کے دوران عوامی املاک کا بھاری نقصان ہورہا ہے اور عام زندگی بری طرح متاثر ہوئی ہے۔پی ایف آئی کی طرف سے اس کے قائدین کے دفاتر اور رہائش گاہوں پر چھاپوں کیخلاف احتجاج کرنے اور نیشنل انوسٹی گیشن ایجنسی (این آئی اے) اور دیگر ایجنسیوں کی طرف سے جمعرات کو ملک میں دہشت گردانہ سرگرمیوں کی مبینہ حمایت کے الزام میں ان کی گرفتاریوں کے خلاف احتجاج کیلئے ہڑتال کی کال دی گئی تھی۔کیرلا کے مختلف حصوں میں تشدد کے ہلکے واقعات کی اطلاع ملی ہے کیونکہ جمعہ کو جنوبی ریاست میں پاپولر فرنٹ آف انڈیا (پی ایف آئی) کی طرف سے صبح سے شام تک کی ہڑتال جاری تھی۔
کیرلا اسٹیٹ روڈ ٹرانسپورٹ کارپوریشن کی بسوں (کے ایس آر ٹی سی) پر مختلف اضلاع بشمول ترواننت پورم، کولم، کوزی کوڈ، وائناڈ اور الاپپوزا میں مبینہ طور پر پتھراؤ کیا گیا۔ الپپوزا میں، کے ایس آر ٹی سی کی بسیں، ایک ٹینکر لاری اور کچھ دیگر گاڑیوں کو مبینہ طور پر ہڑتال کال کی حمایت کرنے والوں کی طرف سے پتھراؤ میں نقصان پہنچا۔


Recent Post

Popular Links