بنگارپیٹ منسپل کونسل کے زیر اہتمام ”یوم صفائی کرمچاری“ کا انعقاد

RushdaInfotech September 24th 2022 urdu-news-paper
بنگارپیٹ منسپل کونسل کے زیر اہتمام ”یوم صفائی کرمچاری“ کا انعقاد

بنگارپیٹ:23ستمبر (احسان اللہ/ نامہ نگار)یہاں منسپل کونسل دفتر کے روبرو بنگارپیٹ ٹاؤن منسپل کونسل کے زیر اہتمام ”یوم صفائی کرمچاری“ جلسہ منعقد کیا گیا۔ صدارت بنگارپیٹ کے رکن اسمبلی ایس این نارائن سوامی نے کی اور خطاب کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ 27سال پہلے جس وقت وہ بنگارپیٹ منسپل کونسل کے صدر کے عہدے پر تھے، بنگارپیٹ ٹاؤن منسپل کونسل کو ریاست بھر کی ”بیسٹ منسپالٹی“ کا ایوارڈ دیا گیا تھا۔ اس وقت ریاستی حکومت کی جانب سے زیادہ فنڈ بھی جاری کیا گیا تھا۔اس وقت سے لے کر آج تک یہاں کے منسپل کونسل کے زیر اہتمام شہر میں کافی حد تک اچھے ترقیاتی کام ہورہے ہیں۔ خاص کر بنگارپیٹ کی ترقی میں بنگارپیٹ ٹاؤن منسپل کونسل کے تمام اسٹاف شامل ہیں اور شہر کی رونق بڑھانے میں صفائی کرمچاریوں کا اہم رول ہے۔چند دن پہلے حکومت کی جانب سے 11ہزار کرمچاریوں کو مستقل کرنے کا اعلان ہوا ہے اور ان کیلئے ذاتی مکانوں کی تعمیر کیلئے روپئے بھی جاری کئے گئے ہیں، اس کے علاوہ ان کے بچوں کو تعلیم سے آراستہ کرنے کیلئے کئی سہولتیں فراہم کی گئی ہیں۔ گزشتہ چند سال پہلے جب شمس الدین بابو بنگارپیٹ منسپل کونسل کے صدر کے عہدے پر تھے، ان کی نگرانی میں بنگارپیٹ کے سی رحیم وارڈ اوردیگر وارڈوں میں پینے کے پانی کیلئے پائپ لائن کا آغاز ہوا اور ان کی نگرانی میں بنگارپیٹ کیلئے کافی حد تک ترقیاتی کام مکمل کئے گئے۔لاک ڈاؤن کے دوران کورونا وائرس زیادہ ہونے کے باوجود صفائی کرمچاریوں نے اپنی جان کی پروا نہ کرتے ہوئے خدمت انجام دی،انہو ں نے اس موقع پر تمام کرمچاریوں کو مبارکباد پیش کی۔ انہو ں نے کہا کہ بنگارپیٹ میں رنگ مندر، منسپل کونسل بس اسٹانڈ اور انڈور اسٹیڈیم کے تعمیری کام کو جلد مکمل کرلیا جائے گا۔ اس موقع پر کے جی ایف اربن ڈیولپمنٹ اتھارٹی کے سابق چیرمین شمس الدین بابو نے کہا کہ یوم صفائی کرمچاری کا جلسہ ہر سال شاندار پیمانہ پر منایا جارہا ہے۔انہوں نے کرمچاریوں سے گزارش کی کہ بنگارپیٹ کے وارڈوں میں دن بہ دن اضافہ ہوتا جارہا ہے،اس لئے انہیں مزید محنت کے ساتھ کام کرنا ہوگا۔ اس موقع پر بنگارپیٹ ٹاؤن منسپل کونسل کے صدر فرزانہ سہیل اور چیف افسر چلاپتی نے بھی خطاب کیا۔ ٹاؤن منسپل کونسل کی جانب سے صفائی کرمچاریوں اور ایس ایس ایل سی، پی یو سی امتحانات میں امتیازی نمبروں سے کامیاب طلباء اور طالبات کو تہنیت پیش کرکے چیکس تقسیم کئے گئے۔ اس موقع پر بنگارپیٹ ٹاؤن منسپل کونسل اسٹانڈنگ کمیٹی کے سابق چیرمین پربھاکر،ارون چلم منی سابق صدر گنگمارنگ رامیا، شفیع، صادق پاشاہ، سہیل احمد، اعظم شریف،راکیش گوڈا کے علاوہ کونسلرس، افسر اور بھی دیگر منسپل کونسل اسٹاف موجود تھے۔


Recent Post

Popular Links