الفلاح اردو اسکول ٹیچرس اسوسی ایشن کی جانب سے تعلیمی بیداری پروگرام

RushdaInfotech September 23rd 2022 urdu-news-paper
الفلاح اردو اسکول ٹیچرس اسوسی ایشن کی جانب سے تعلیمی بیداری پروگرام

چامراج نگر:22ستمبر(محمد عظیم۔نامہ نگار)مسلمانوں کے بچے تعلیم سے کیوں دور ہوتے جارہے ہیں،مسلمانوں کو کیا پریشانی ہے،بچوں کی تعلیم کے سلسلے میں کن کن تکلیفوں کا سامناکرناپڑرہاہے،اس کے تعلق سچر کمیٹی رپورٹ میں راجیندرا سچر نے تفصیل سے بتایاہے،ا س کے باوجود مسلمان اپنے آپ کو بدلنے یا بہترین شہری بنانے او ر تعلیم دلانے میں ناکام ہیں۔ ان باتوں کا اظہار سٹی منسپل کونسلراو ر ایس ڈی پی آئی کے ریاستی سکریٹری ابرار احمد نے کیا۔انہوں نے یہاں شہر کے مولاناآزاد فنکشن ہال میں الفلاح اردو اسکولس ٹیچرس اسوسی ایشن کی طرف سے منعقدہ تعلیمی بیداری پروگرام کی صدارت کرتے ہوئے کہاکہ آج کے اس جلسے میں ڈسٹرکٹ جج نے سرکاری قانون،بچوں کی تعلیم اورجرائم کے تعلق سے تفصیل بیان کی ہے،بچوں سے مزدوری کراناجرم ہے اور اس سلسلے میں کیس بھی درج کیاجاسکتاہے اور سزاء بھی دی جاسکتی ہے۔بی ای او سومنے گوڈا نے مسلمانوں کے بچوں کے ڈراپ آؤ ٹ کے بارے میں افسوس ظاہر کرتے ہوئے کہاکہ ان بچوں کو دوبارہ اسکول لانے کیلئے جدوجہد کرنی ہوگی۔ انہوں نے والدین سے گزارش کی کہ بچوں کے مستقبل کو بگڑنے نہ دیں،ان بچوں کی صحیح رہنمائی کریں اور ہر ایک سرگرمی پر گہری نظر رکھیں۔انہوں نے کہاکہ ہر بچہ میں کوئی نہ کوئی صلاحیت موجو د ہوتی ہے،ان کی صلاحیتوں کو ابھارنے اور انہیں موقع فراہم کرنے کی ضرورت ہے۔ہر مرحلے میں بچوں کی حوصلہ افزائی اور رہنمائی کی ضرورت ہے،والدین کو چاہئے کہ اس معاملے میں کوئی لاپروائی نہ برتیں۔اس موقع پر میر معلمہ اسماء پروین نے والدین سے مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ مسلمانوں کی پستی اور بدحالی صرف ان کی تعلیم سے دوری کا نتیجہ ہے،تعلیم عام کرنے اور ہر بچہ کو تعلیم کے زیور سے آراستہ کرنے کے مقصد سے کئی سماجی اور تعلیمی ادارے کام انجام دے رہے ہیں،مگر مسلمان خود اپنی حالت بدلنے کیلئے تیار نہیں ہیں۔مسلمانوں کو اعلیٰ عہدے اس لئے نہیں ملتے کہ وہ اعلیٰ تعلیم پر توجہ نہیں دیتے۔مسابقتی امتحانات میں حصہ لینے کی ضرورت ہے ان امتحانات کے تعلق سے بچوں میں دلچسپی پیدا کرنے کیلئے ہرایک کو آگے آناہوگا۔جلسے کا افتتاح پودے کو پانی دے کر کیا۔ڈسٹرکٹ جج نے مہمان خصوصی کی حیثیت سے مولانا اسماعیل رشادی،بی ای او سومنے گوڈا، لیبر آفیسر خلیل اللہ،افسرپاشاہ، عتیق احمد،مہیش وغیرہ شریک رہے،مسلمانوں کا استقبال معلمہ شریفہ بی نے کی۔


Recent Post

Popular Links