اے پی ایل او ر بی پی ایل ہولڈرس کو اب حکومت کی طبی خدمات کیلئے شناختی کارڈحاصل کرناہوگا

RushdaInfotech September 23rd 2022 urdu-news-paper
اے پی ایل او ر بی پی ایل ہولڈرس کو اب  حکومت کی طبی خدمات کیلئے شناختی کارڈحاصل کرناہوگا

چکبالاپور:22ستمبر(محمد جیلانی۔نامہ نگار)بی پی ایل اور اے پی ایل راشن کارڈ ہولڈرس کو اب حکومت کی مفت طبی خدمات حاصل کرنے کیلئے ”آیوشمان بھارت-پردھان منتری جنا آروگیہ یوجنا-آروگیہ کرناٹک“شناختی کارڈ حاصل کرنا ہوگا۔یہ بات ڈپٹی کمشنر این ایم ناگراج نے ضلع انتظامیہ بھون کے دفترکے میٹنگ ہال میں منعقدہ اجلاس میں کہی۔انہوں نے ضلع بھر میں جناآروگیہ- آروگیہ کرناٹک اسکیم کے تحت شناختی کارڈ بنانے اور تقسیم کرنے کے سلسلے میں افسروں کے ساتھ تبادلہ خیال کرتے ہوئے کہا کہ ہمارا مقصد اگلے 2/اکتوبر تک ضلع کے 10لاکھ مستحقین کیلئے اے بی -پی ایم جے اے وائی -اے آر کے شناختی کارڈ تیار کرنا ہے۔یہ کام ضلع بھر میں شروع ہو چکا ہے اور اب تک90ہزار سے زائد مستحقین کو شناختی کارڈ کیلئے رجسٹر کیا جا چکا ہے،جنہوں نے ابھی تک رجسٹریشن نہیں کرایا ہے وہ ویب سائٹ https://setu.pmjay.gov.in/setu/پر جا کر فوری طور پر آن لائن رجسٹریشن کروا سکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ عوام سے بھی درخواست کی کہ وہ ضلع بھر کی گرام پنچایتوں میں 145گرام ون سنٹرس پر رجسٹر کر کے طبی خدمات حاصل کریں۔انہوں نے کہا کہ تمام سرکاری افسروں اور عملہ کو اس اسکیم کے مکمل فوائد کو شفاف طریقے سے عوام تک پہنچانے کی کوشش کرنی چاہئے۔ افسروں کے دائرہ اختیار میں آنے والے عوام کو فوری طور پر رجسٹریشن کرانے کیلئے آگاہ کیا جائے۔ڈپٹی کمشنر ناگراج نے کہا کہ یہ کارڈ بنانے سے ہر شخص کی صحت کا حال اور علاج کے بارے میں معلومات ڈیجیٹل ہی دستیاب ہوں گی۔ ہر رجسٹرڈ شخص کو 14ہندسوں کے منفرد نمبر کے ساتھ ایک کارڈ جاری کیا جائے گا،اس شناختی کارڈ میں فرد کی صحت سے متعلق تمام پہلو ہونگے۔رجسٹرڈ شخص کو دیے گئے کسی بھی علاج کی صورت میں معلومات درج کی جاتی ہیں،آنے والے دنوں میں اس کی بنیاد پر تاحیات علاج جاری رہے گا۔اس کے علاوہ ضرورت مند ملک کے کسی بھی کونے میں اسپتال کی خدمات حاصل کر سکتے ہیں۔ڈپٹی کمشنر ناگراج نے مزید کہا کہ بی پی ایل راشن کارڈ ہولڈرس کیلئے سرکاری اور رجسٹرڈ پرائیویٹ اسپتالوں میں علاج کیلئے 5لاکھ اور اے پی ایل کارڈ ہولڈرس کیلئے 1.5لاکھ روپئے تک کے علاج کیلئے 30فیصدتک کی رقم حکومت سے مہیا ہوگی۔یہ خدمات آیوشمان بھارت آروگیہ کرناٹک یوجنا کے تحت اب تک فراہم کی جاتی تھی،اب اس کی جگہ اے بی -اے آر کے نے اے بی -پی ایم جے اے وائی کارڈکے طور پر لے لی ہے،اس میٹنگ میں ایڈیشن ڈپٹی کمشنر ایچ امریش، ڈسٹرکٹ ہیلتھ اینڈ فیملی ویلفیئر آفیسر ڈاکٹر ایس ایس مہیش کمار،تمام تعلقہ تحصیلدار،تعلقہ پنچایت ایگزیکٹیو آفیسرس،تمام منسپل کمشنرس اور ضلع اور تعلقہ سطح کے افسر اور عملہ میٹنگ میں موجود تھے۔


Recent Post

Popular Links