نئی دہلی کو جموں وکشمیر کے عوام کی فلاح و بہبود کے ساتھ کوئی لینا دینا نہیں:ڈاکٹر فاروق عبداللہ

جموں -20ستمبر(یو این آئی) جموں وکشمیر نیشنل کانفرنس کے صدر ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے منگل کے روز کہا کہ نئی دہلی میں براجمان حکمران جماعت کا مقصد جموں وکشمیر کی انفرادیت، اجتماعیت اور تشخص کو ختم کرنے کے سوا اور کچھ نہیں اور عوام کی فلاح و بہبود کے لئے کئے جارہے تمام دعوے، وعدے اور اعلانات محض جھوٹ اور فریب پر مبنی ہیں۔انہوں نے کہا اگر حکمرانوں کو واقعی یہاں کے عوام کی فلاح و بہبود کی فکر ہوتی تو وڈون، مروا اور دچھن کو الگ اسمبلی نشست اور پونچھ راجوری کو علیحدہ پارلیمانی سیٹ دی گئی ہوتی۔ان باتوں کا اظہارموصوف نے بٹوٹ میں یک روزہ کنونشن سے خطاب کے دوران کیا۔ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے مرکزی حکومت کو آڑ ے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کہ حال ہی میں ہوئی حدبندی کے دوران جب سیٹیں بڑھائی جارہی تھیں تو خطہ چناب کے وڈون، مروا اور دچھن کو الگ اسمبلی نشست دینے سے کون سا پہاڑ ٹوٹ جاتا۔خطہ پیرپنچال کے راجوری اور پونچھ کو اننت ناگ سے ملانے کے بجائے ان جڑواں اضلاع کیلئے الگ پارلیمانی نشست سے کون سا نقصان ہوجاتا،لیکن حقیقت یہ ہے کہ ان لوگوں (مرکز) کو یہاں کے عوام کی راحت کاری سے کوئی لینا دینا نہیں بلکہ ان کا مقصد اس تاریخی ریاست اور اس کے تشخص کو ختم کرنا ہے۔انہوں نے کہا کہ جموں وکشمیر کو اس وقت زبرست چیلنجوں کا سامنا ہے اور موجودہ صورتحال میں ہمیں آپسی اختلافات اور ذاتی اغراض و مقاصد کو بالائے طاق رکھ کر مل جُل کر اپنی ریاست کی بہتری کیلئے جدوجہد کرنی ہے اور اگر ہم نے ایسا نہیں کیا تو آنے والی نسلیں ہمیں معاف نہیں کریں گی۔انہوں نے پارٹی سے وابستہ عہدیداروں اور کارکنوں پر زور دیا کہ وہ ایسے نمائندوں کو آگے لائیں جو نڈر ہوں، جن کی عوام میں ساکھ ہو، جن کا ایمان نہ ڈگمگاتا ہو۔ ہمیں ایسے نمائندوں کی ضرورت نہیں جو آپ کا قیمتی ووٹ لیکر اپنا ایمان بیچ ڈالے، ہمیں ایسے نمائندوں کی ضرورت ہے جن کا ایمان نہ تو دھونس و دباؤ اور نہ ہی کروڑوں روپے دیکھ کرڈگمگائے۔ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے پارٹی عہدیداروں اور کارکنوں کو تاکید کی کہ وہ پارٹی کی مضبوطی کے لئے عوام کے ساتھ قریبی رابطہ رکھیں، کیونکہ عوامی اشتراک اور تعاون ہی ایک پارٹی کی مضبوطی ہوتی ہے -