موہالی: یونیورسٹی کی طالبات کے دورانِ غسل کا ویڈیو وائرل

موہالی، 18ستمبر (آئی این ایس) مشہور پرائیویٹ یونیورسٹی کا ماحول سنیچر کی رات دیر گئے اس وقت کشیدہ ہو گیا جب ہاسٹل کی ایک طالبہ نے شملہ میں بیٹھے اپنے دوست کے ذریعے دیگر طالبات کی فحش ویڈیو بنا کر سوشل میڈیا پر وائرل کر دی۔ طا لبات کو جیسے ہی اس کا علم ہوا یونیورسٹی میں کہرام مچ گیا۔ ایس ایس پی وویک شیل سونی نے کہا کہ معاملہ ان کے علم میں آیا ہے۔ ایک لڑکی کی طبیعت خراب ہو گئی تھی۔جسے اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے، تاہم کسی کی موت نہیں ہوئی ہے۔ خبر کے مطابق یونیورسٹی کے ہاسٹل میں ایک طالبہ ہر روز ہاسٹل میں رہنے والی لڑکیوں کی ویڈیو بناتی تھی۔وہ یہ ویڈیو صرف کپڑے بدلتے یا نہاتے وقت بناتی تھی۔ جس کے بعد وہ اسے اپنے دوست کو بھیجتی تھی۔ لڑکیاں کچھ دنوں سے اسے دیکھ رہی تھیں۔ لیکن ہفتہ کو لڑکیوں نے اسے رنگے ہاتھوں پکڑ لیا۔ اس کے بعد ادارے کے عہدیداروں کو اطلاع دی گئی۔ لڑکی سے موقع پر ہی پوچھ گچھ کی گئی۔اس دوران لڑکی نے اعتراف کیا کہ وہ اپنے دوست کو ویڈیوز بھیجتی تھی۔ وہ تمام کارروائیاں اپنے دوست کے کہنے پر ہی کرتی تھیں۔ ذرائع کے مطابق جب طالبات کو معلوم ہوا کہ ان کی ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی ہیں تو ان کے ہوش اڑ گئے۔ اس دوران ویڈیو دیکھ کر ایک طالبہ کو دل کا دورہ پڑا۔ کچھ لڑکیوں کی خودکشی کی کوشش کی اطلاع ملی ہے۔لڑکیوں نے دیر رات تک ہنگامہ کیا،بعد ازاں یونیورسٹی کے دروازے بھی بند کرنے پڑے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ معاملہ کی تفتیش جاری ہے۔ یونیورسٹی میں پنجاب، ہریانہ، چندی گڑھ، ہماچل سے بچے پڑھنے آتے ہیں۔ ملزم طالبہ ایم بی اے فرسٹ ایئر میں زیر تعلیم ہے، کہا جاتا ہے کہ ملزم طالبہ کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔