سابق امریکی صدر باراک اوباما نے نوبل انعام کے بعد ایمی ایوارڈ بھی جیت لیا

واشنگٹن-4ستمبر (ایجنسی)سابق امریکی صدر باراک اوباما کو امن کے نوبل ایوارڈ سے تو نوازا جا ہی چکا ہے لیکن اب وہ ایمی ایوارڈ جیتنے والوں کی فہرست میں بھی شامل ہو گئے ہیں جو عموماً آرٹ اور فلموں کی دنیا سے وابستہ افراد کو دیا جاتا ہے- خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق ہالی ووڈ میں قدم رکھنے والے باراک اوباما کو نیٹ فلیکس کی ایک دستاویزی فلم پر ایمی ایوارڈ دیا گیا ہے-باراک اوباما نے نیٹ فلیکس پر ’ہمارے عظیم نیشنل پارکس‘ کے نام سے نشر ہونے والی دستاویزی فلم پر ایوارڈ جیتا ہے-یہ دستاویزی فلم امریکہ میں واقع نیشنل پارکس پر بنی ہوئی ہے جن کی اہمیت اور تفصیلات سے باراک اوباما سامعین کو انتہائی مفصل انداز میں آگاہ کرتے ہیں - دو مرتبہ صدر رہنے والے باراک اوباما کو اس سے پہلے گرامی ایوارڈ سے نوازا گیا تھا جو دراصل میوزک انڈسٹری سے وابستہ افراد کو بہترین کارکردگی پر دیا جاتا ہے-باراک اوباما سے پہلے سابق امریکی صدر آئزن ہاور کو 1956میں ایمی سے نوازا گیا تھا تاہم یہ اعزازی ایوارڈ تھا-باراک اوباما2017 میں صدارت کے عہدے سے دستبردار ہونے کے بعد اپنی یادداشتوں پر مبنی ایک کتاب بھی شائع کر چکے ہیں جس کو کافی زیادہ پذیرائی ملی ہے-
اس کے ساتھ ہی باراک اوباما اپنی اہلیہ مشعل اوباما کے ساتھ مل کر ایک فاؤنڈیشن کے علاوہ پروڈکشن کمپنی بھی چلا رہے ہیں -باراک اوباما کی پروڈکشن کمپنی نے نیٹ فلیکس کے ساتھ لاکھوں ملین ڈالر کا معاہدہ کیا تھا-ان کی پروڈکشن کمپنی کے تحت بننے والی پہلی دستاویزی فلم ’امریکی فیکٹری‘ کو بھی بہترین دستاویزی فلم کا ایوارڈ مل چکا ہے جبکہ بہترین ہدایت کاری پر ایمی ایوارڈ سے نوازا گیا تھا-باراک اوباما کے بعد صدارت کا کام سنبھالنے والے ڈونالڈ ٹرمپ کے ریالیٹی شو ’دا اپرینٹس‘ کو دو مرتبہ ایمی ایوارڈ کیلئے نامزد کیا گیا تھا تاہم ایوارڈ جیتنے میں ناکام رہے-ہالی ووڈ کی دنیا میں قدم رکھنے سے پہلے سال 2008میں باراک اوباما کو بین الاقوامی سطح پر سفارتکاری کو مضبوط کرنے پر معتبر نوبل امن ایوراڈ سے نوازا گیا تھا-