کشمیرمیں اضطراب کی لہر آبادی کے تناسب کو یک طرفہ طورپر تبدیل کرنا تشویشناک:پروفیسرسوز

RushdaInfotech August 20th 2022 urdu-news-paper
کشمیرمیں اضطراب کی لہر  آبادی کے تناسب کو یک طرفہ طورپر تبدیل کرنا تشویشناک:پروفیسرسوز

سری نگر-19/اگست(یو این آئی) کانگریس کے سینئر لیڈر اور سابق مرکزی وزیر پروفیسر سیف الدین سوز نے جمعہ کے روز کہا کہ میں وزیر اعظم مودی کے ریاست جموں وکشمیر میں آبادی کے تناسب کو یک طرفہ طورپر تبدیل کرنے کے معاملے کو تشویشناک سمجھتا ہوں اور جموں وکشمیر کے لوگوں سے کہتا ہوں کہ وہ موقع آن پڑا ہے کہ آپ کھڑے ہو جائیں اور مودی کو للکار کر کہیں کہ ہم آپ کو ایسا نہیں کرنے دیں گے!اس پس منظر میں جموں وکشمیر کے سیاسی اتحاد جس کو گپکار الائنس کا نام بھی دیا گیا تھا، سے کہتا ہوں کہ آپ کو اس موقع پر چٹان کی مانند کھڑا رہنا چاہئے اور برملا کہنا چاہئے کہ ہم ایسا نہیں ہونے دیں گے!انہوں نے کہاکہ مین اسٹریم قیادت (یعنی نیشنل کانفرنس، کانگریس، پی ڈی پی، اپنی پارٹی، پیپلز کانفرنس، کمیونسٹ پارٹی آف انڈیا، عوامی نیشنل کانفرنس، پی ڈی ایف اور دیگر ہم خیال جماعتوں اور افراد کو ایک غیر معمولی اتحاد سے وابستہ ہو کر اس لڑائی کو غیر معمولی طریقے سے لڑنا چاہئے!اس سلسلے میں جو اقدامات ہوں گے اُن میں یہ بھی شامل ہو کہ عوامی اتحاد اس سلسلے میں، صدر جمہوریہ کو ایک میمورنڈم پیش کرے جس میں دعویٰ کیا گیا ہو گاکہ مودی کے آبادی کے تناسب کو غیر آئینی اور غیر جمہوری طریقے سے تبدیل کرنے کا فارمولہ ریاست میں زبردست غیر یقینیت، سماجی اضطراب پیدا کرے گا اور امن و سکون درہم برہم ہوگا جس کی تمام تر ذمہ داری مودی کے بگڑے ہوئے اڈمنسٹریشن پر ہوگا!اُن کے مطا بق جانکار عوامی حلقوں نے کہا ہے کہ مرکز کو اپنے اہنکار اور تکبر میں اندازہ نہیں ہے کہ کشمیر ابھی بھی اقوام متحدہ کے ایجنڈے میں شامل ہے اور اس طرح مودی کی سوچ کو شکست ہو کر خود ہندوستان کی ساکھ عالمی سطح پر بگڑ جائے گی-
میری نظر میں جموں وکشمیر کی مین اسٹریم سیاسی قیادت کو اپنی سوچ کو سامنے لاکر جموں وکشمیر کے لوگوں کو صحیح سمت میں رہنمائی کرنی چاہئے تاکہ ریاست کا امن و سکون بگڑ نہ جائے اور عام لوگوں کی زندگی بربادنہ ہو جائے -سوز نے مزید کہا کہ مین اسٹریم قیادت کو صدر جمہور یہ کو اپنے مقاصد کی تکمیل کیلئے میمورنڈم پیش کرنا چاہئے اور دہلی جانے سے پہلے ایک مشترکہ بیان میں جموں وکشمیر کے لوگوں کو ایک ساتھ رہ کر امن و سکون کے ماحول میں یکجہتی کا مظاہرہ کرنا چاہئے -


Recent Post

Popular Links