ہندوستان کو دنیا کا نمبر ایک ملک بنانے کا عہد کریں: کجریوال

نئی دہلی۔15اگست (آئی این ایس) دہلی کے وزیر اعلیٰ اروند کجریوال نے کہا کہ 75 سال پہلے جب پورا ہندوستان اکٹھا ہوا تو ہم نے انگریزوں کو اٹھا کر ملک سے باہر پھینک دیا،اگر ہم سب دوبارہ متحد ہوجائیں تو ہمیں ہندوستان کو دنیا کا نمبرون ملک بنانے سے کوئی نہیں روک سکتا۔مسٹر کجریوال نے 75 ویں یوم آزادی کے موقع پر کل تیاگراج اسٹیڈیم میں منعقدہ ہر ہاتھ ترنگا تقریب میں ہم وطنوں سے اپیل کرتے ہوئے کہاکہ آئیں، آزادی کی 75ویں سالگرہ کے موقع پر، ہم سب 130 کروڑ ہندوستانی ایک عہد لیں کہ آنے والے وقت میں ہندوستان کو دنیا کا سب سے بہتر ملک بنائیں گے۔ ہم یہ بھی عہد کریں کہ ہم بذات خود ملک کو گندا نہیں کریں گے اورراہ چلتے کوئی کوڑا سڑک پر نہیں پھینکیں گے۔انہوں نے کہا کہ پورا ملک اس وقت حب الوطنی کے رس میں ڈوبا ہوا ہے۔ اپنے اپنے طریقے سے ملک بھر میں لوگ آ زادی کا 75 واں سال منارہے ہیں۔