بارش کی تباہیوں سے نمٹنے ضلع انتظامیہ تیار رہے:نگران کار وزیر

RushdaInfotech August 3rd 2022 urdu-news-paper
بارش کی تباہیوں سے نمٹنے ضلع انتظامیہ تیار رہے:نگران کار وزیر

ٹمکور:2اگست(سالارنیوز)ضلع میں شدید بارش ہورہی ہے اور بارش سے ہونے والے حادثوں سے نمٹنے کیلئے ضلع انتظامیہ کو پوری طرح تیار رہناہوگا۔نالوں اور برساتی نالوں (راج کالوے) میں بھرے پڑے کچرے اور مٹی کو باہر نکالنے کیلئے فوری اقدمات کئے جائیں۔یہ ہدایت ریاستی وزیر برائے داخلہ وضلع نگران کار ارگا گنانیندرانے افسروں کو دی۔انہوں نے یہاں ضلع کے مختلف علاقوں میں بار ش سے ہوئی تباہی کا جائزہ لینے کے بعدڈپٹی کمشنر دفتر میں افسروں کا اجلاس طلب کرکے کہاکہ ضلع میں ہورہی شدید بارش سے جانی مالی نقصان ہواہے،افسروں کو چاہئے کہ اس سے نمٹنے کیلئے پوری طرح تیاررہیں،ضلعی مرکز میں کمانڈ سنٹرقائم کرکے، فون کال کے ذریعے متاثرین کیلئے تمام ضروری امداد فراہم کی جائے۔دن بھر ہیلپ لائن سنٹر میں کام انجام دیاجائے،ایمبولنس سرویس مسلسل جاری رکھی جائے۔سٹی کارپوریشن کی طرف سے ہٹاچی کے ذریعے نالوں کی صفائی کی جائے اور پانی بہنے کیلئے راستہ فراہم کیاجائے۔وزیر موصوف نے بیسکام افسرو ں کو ہدایت دی کہ زمین کی سطح پر نصب کئے گئے الیکٹرک ٹرانسفارمرہٹادیئے جائیں۔ ایمبولنس سرویس 24X7جاری رکھی جائے،عوام کی طرف سے کئے جانے والے فون کالس فوراً اٹینڈ کئے جائیں۔محکمہ چھوٹی آبپاشی کے افسروں اور انجینئروں کو چاہئے کہ تالابوں کا ہر دن معائنہ کریں اور تالابوں سے پانی باہر نکلنے نہ پائے ایسے اقدامات کریں۔ضلع کے تینوں اسسٹنٹ کمشنرس کا اجلاس طلب کیاجائے اور اپنے ڈیویژن میں بارش سے ہوئی تباہی کاجائزہ لے کر اے بی سی کیٹگری میں تقسیم کرکے فوری معاوضہ فراہم کرنے کیلئے اقدامات کریں۔ارگا گنانیندرا نے کہاکہ اس مرتبہ ضلع میں حسب معمول ہونے والی بارش کے مقابلے بہت زیادہ بارش ہوئی ہے،اتنی بارش ہوگئی اس کا اندازہ نہیں تھا۔اس موقع پر رکن اسمبلی جیوتی گنیش،میئر بی جی کرشنپا،ڈپٹی کمشنروائی ایس پاٹل،اسسٹنٹ کمشنر وی اجئے،سومپا،کلپاشری اوردیگر سینئر آفیسرس موجود تھے۔


Recent Post

Popular Links