معیاری کھانا اورشفاف پانی کی فراہمی کواولین ترجیح دی جائے ہاسٹلوں کے وارڈنوں اور رہائشی اسکولوں کے پرنسپلس کو ڈپٹی کمشنر کی ہدایت

RushdaInfotech August 3rd 2022 urdu-news-paper
معیاری کھانا اورشفاف پانی کی فراہمی کواولین ترجیح دی جائے ہاسٹلوں کے وارڈنوں اور رہائشی اسکولوں کے پرنسپلس کو ڈپٹی کمشنر کی ہدایت

چترادرگہ:2اگست(سالارنیوز)ہاسٹلوں میں اگر لاپروا ئی برتی گئی اور بچوں کی صحت پر اثر پڑا تو والدین مجھ سے سوال کریں گے،پچھلے 15دنوں میں تین ہاسٹلوں میں کھانا کھاکر بچے بیمار ہونے کے واقعات پیش آئے ہیں۔ایسے معاملات کو ضلع انتظامیہ سنجیدگی سے لے گا اور لاپروائی برتنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔یہ وارننگ ڈپٹی کمشنرکویتا ایس منی کیری نے رہائشی اسکولوں کے پرنسپلس اورہاسٹلوں کے وارڈنوں کو دی ہے۔اس سلسلے میں شہر کے ضلع پنچایت میٹنگ ہال میں گزشتہ روز محکمہ بہبود پسماندہ طبقات کے ہاسٹلوں کے سپروائزرس،ککس کے علاوہ مرارجی دیسائی اقامتی اسکولوں کے پرنسپلس کا ہنگامی اجلاس طلب کرکے ہاسٹلوں میں پاکی وصفائی اور معیاری کھانے کا انتظام کرنے کی ہدایت دی۔ انہوں نے کہاکہ ضلع کے ہر ایک ہاسٹل کا دورہ کریں گی اور طلبہ سے بات جیت کر کے انہیں فراہم کی جارہی سہولتوں کے تعلق سے جانکاری حاصل کریں گی اوربچوں کے ساتھ ہی کھانابھی کھائیں گی۔ہاسٹلوں میں معیاری کھانافراہم نہ کرنے اور کھانے پینے کی اشیاء میں کیڑے پائے جانے کے بارے میں کئی شکایتیں ملی ہیں،کھانے پینے کی اشیاء کے معیار کے معاملے میں کسی بھی طرح کی لاپروائی ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی،سبزیاں اور بھاجی استعمال کرنے سے پہلے دھونے کی عادت ڈالیں،دال دانوں میں کیڑے نہ ہوں اس بات پر غور کریں،فوڈ پیکیٹس پر ایکسپیری ڈیٹ ضرور دیکھیں،چند ہاسٹلوں میں کھانے پینے کی اشیاء کا معیاری نہ ہونے کی شکایت ملی ہے،پانی کا استعمال بھی ٹھیک طریقے سے کیاجاناچاہئے، واٹرکٹ کا استعمال کے پانی کے معیار کا پتہ لگالیں۔انہوں نے کہا کہ ہر جگہ مہلک بیماریاں پھیلی ہوئی ہیں،مچھروں کی بھرمار ہے،ہاسٹلوں کے اطراف کے ماحول کو صاف ستھرا رکھیں۔ ضرورت کے مطابق ہی اناج اور سبزیاں خریدی جائیں، ضرورت سے زیادہ خرید کر اناج دوسری جگہ روانہ کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔وارڈنوں اورپر نسپلس کو چاہئے کہ رجسٹر مینٹین کریں اور ہاسٹلوں کی عمارتوں کو پاک اور صاف رکھیں۔ضلع پنچایت کی سی ای او ڈاکٹر کے نندنی دیوی نے کہاکہ ضلع میں کہیں بھی حادثہ پیش آئے یا بچوں کی صحت پر برااثرپڑے تو فوراًایسے بچوں کے علاج کی سہولت فراہم کی جائے،ہاسٹلوں میں آلودہ پانی استعمال کرنے کے بارے میں بھی شکایتیں مل رہی ہیں، وارڈنوں کوچاہئے کہ پکانے اورپینے کے لئے استعمال کئے جانے والے پانی کی شفافیت کے تعلق سے جانکاری حاصل کریں اور بچوں کو شفاف پینے کا پانی فراہم کریں۔ہاسٹلوں میں بیڑی،سگریٹس کے علاوہ دیگر نشیلی اشیاء کا استعمال کرنے کے بارے میں بھی شکایتیں ملی ہیں،اس پر قابوپانے کیلئے ٹھوس اقدامات کئے جائیں۔کھاناتیار کرنے والے کک اور ان کے ماتحت کام کررہے افراد کو چاہئے کہ سروں پر کپڑاڈھک کررکھیں،کھاناپکانے سے قبل برتن دھونے کی عادت ڈال لیں۔پینے کے پانی کی شفافیت کے بارے میں ہر ماہ جانکاری حاصل کریں۔اس اجلاس میں محکمہ پسماندہ طبقا ت کے آفیسر جے سی وینکٹیشیا اوردیگر موجود تھے۔


Recent Post

Popular Links