امام احمدرضا مومنٹ کے دفترمیں عرس صوفی سید قمراللہ شاہ منایاگیا

RushdaInfotech August 2nd 2022 urdu-news-paper
امام احمدرضا مومنٹ  کے دفترمیں عرس صوفی سید قمراللہ شاہ منایاگیا

بنگلور۔یکم اگست (راست)امام احمد رضا مومنٹ بنگلور کے سابق سرپرست اعلیٰ، حضرت علامہ و مولانا صوفی سید قمراللہ شاہ قادری نوری رضوی علیہ الرحمہ کا پہلاسالانہ عرس کی محفل ادارے کے دفتر میں نہایت تزک واحتشام کے ساتھ منعقد کی گئی۔جس میں معزز علمائے کرام اور مہمانان گرامی کا ادارے کے صدر سید صادق ارشاد قادری کی جانب سے گل پوشی کے ساتھ استقبال کیا گیا۔پروگرام کے مطابق بعد نماز مغرب مولانا محبوب رضا برکاتی کی تلاوت قرآن کریم سے محفل کا آغاز ہوا اور بارگاہ رسالت مآب علیہ السلام میں مرحوم کے شہزادے سید مصطفے رضا رضوی نے ہدئے نعت پیش کیا۔مقرر خصوصی مولانا ڈاکٹر سید امداداللہ رضوی نے اپنے خطاب میں کہا کہ حضرت علامہ صوفی سید قمراللہ شاہ علیہ الرحمہ اہل سنت وجماعت کے ایک عظیم روحانی پیشوا تھے۔ آپ میں دینی حمیت وغیرت کی وجہ سے جہاں شدت تھی وہیں ان کے اندر جمال وکمال اور خلوص وللہیت بھی اعلی درجہ کا تھا۔مجھے بھی ایک لمبے عرصہ تک آپ کی بافیض صحبتیں نصیب ہوئیں۔آپ کی ذات سے میں نے حتی المقدور استفادہ حاصل کیا۔ان کی ذات قوم وملت کی فلاح وبہبود کے لئے وقف تھی۔انھوں نے ہمیشہ عوام وخواص کو معمولات اہل سنت پر مضبوطی سے قائم رہنے کی تلقین کی۔اس پر خود بھی عامل رہے۔مہمان خصوصی مومنٹ کے سرپرست اعلیٰ، علامہ مفتی سید ذبیح اللہ نوری نے کہا کہ سید صاحب ؒ ایک ہمہ جہت شخصیت، استقامت و تصلب فی الدین کا عملی نمونہ تھے،اپنے اکابر واسلاف کے سچے علمی وروحانی وارث و جانشین تھے،آپ شہنشاہ دکن خواجہء خواجگاں حضرت خواجہ بندہ نواز گیسودراز کی اولاد امجادمیں سے تھے۔متصلب سنی صحیح العقیدہ عالم باعمل تھے،کبھی آپ نے باطل سے سمجھوتہ نہیں کیا،شرعی معاملات میں کسی کی رعایت نہیں کی،احقاق اور ابطال باطل آپ کا طرز امتیاز رہا،اسی کی آپ نے اپنی پوری زندگی اپنے وابستگان اور عقیدت مندوں کو ہدایت وتلقین کرتے رہے۔بعدہ ان کے نواسہ رحمن رضا قادری نے صلٰوۃ وسلام پیش کیا اور مہمان خصوصی کی دعائے خیر پر محفل کا اختتام ہوا اور حاضرین کی لنگر سے تواضع کی گئی۔محفل کے شرکاء میں قابل ذکر ہیں مفتی فاضل احمدرضوی قاضی ادارہ شرعیہ ملیشورم،مولاناتوحید رضا علیمی،مولانا عبدالحفیظ رضوی، مولانا سید صادق قادری، مولانا صابر حسین رضوی، حافظ احمد علی بیگ نوری،حافظ سید حزیف جامی کے علاوہ عوام اہل سنت نے شرکت کی۔(شعبہئ نشر و اشاعت، امام احمد رضامومنٹ، بنگلور)


Recent Post

Popular Links