ضمیر احمد خان نے اسکولی بچوں کے ساتھ اپنا 56واں جنم دن منایا تعلیمی میدان میں بچوں کو آگے بڑھنے کیلئے ہر ممکن تعاون کرنے کا عزم

بنگلورو۔یکم اگست(سالار نیوز)سابق ریاستی وزیر او ر چامراج پیٹ کے رکن اسمبلی ضمیر احمد خان نے پیر کے روز اپنا 56واں جنم دن منایا۔ بڑی تعداد میں ضمیر احمد خان کے حامیوں نے اپنے لیڈر کو اس موقع پر مبارکباد دی تو ضمیر احمد خان نے اپنا جنم دن سرکاری اسکولوں کے بچوں کے درمیان رہ کر منانا پسند کیا۔ انہوں نے اپنے سرکاری اسکولوں کے دس ہزار سے زائد بچوں میں اپنی طرف سے اسکول بیگ اور مٹھائیاں تقسیم کیں۔انہوں نے اپنے حلقہ میں آنے والے مختلف سرکاری اسکولوں کا دور ہ کیا اور وہاں بچوں سے ملاقات کر کے ان کے ساتھ جنم دن منایا اور اپنے جنم دن کی خوشیاں ان بچوں کے ساتھ بانٹیں۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ سرکاری اسکولوں میں تعلیم کے لئے آنے والے بچے غریب خاندانوں سے ہوتے ہیں۔ ان بچوں کو تعلیم سے آراستہ کر کے ان کو زندگی میں اپنے پیروں پر کھڑا کرنے کے لئے ان کے ماں باپ دن بھر محنت مزدوری کر تے ہیں۔ ایسے بچوں کے ساتھ وہ اپنا جنم دن منانا اپنے لئے باعث فخر سمجھتے ہیں۔ بڑی بڑی پارٹیوں اور ہوٹلوں میں جنم دن منانے سے وہ خوشی میسر نہیں ہو تی جو ان بچوں کے ساتھ جنم دن منا کر انہیں ملی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اپنے جنم دن پر انہوں نے ان بچوں کو اپنی کتابیں لانے لے جانے کیلئے اپنی طرف سے ایک بیگ تحفہ میں دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج کے دور میں کسی کو بھی زندگی میں کامیاب ہونا ہے تو اسے تعلیم کے میدان میں آگے بڑھنا چاہیئے۔ حال ہی میں ایس ایس ایل سی میں 95فیصد یا اس سے زیادہ نمبر لے کر کامیاب ہونے والے بچوں کو انہوں نے اپنی طرف سے اسکوٹر اور ان کی مکمل فیس تحفہ میں دی۔ حلقہ کے جو بھی ہونہار بچے آنے والے دنوں میں بہتر تعلیمی مظاہرہ کرتے ہیں ان کی ہر طرح سے مدد کرنے کے لئے وہ ہمیشہ تیار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سرکاری اسکولوں میں تعلیم پانے والے بچوں کو اگر اچھا مستقبل مل سکے تو وہ اس ملک کے لئے کافی فائدہ مند شہری بنایا جا سکتا ہے۔ اس موقع پر ان کے ہمراہ کانگریس لیڈر بی کے الطاف خان، شکیل نواز، روی پرساد، افروز خان، رضوا ن اور دیگر نے شرکت کی۔بعد میں انہوں نے بی کے الطاف خان کی رہائش گاہ پہنچ کر ان کے ساتھ اپنا جنم دن منایا اور اپنے حامیوں کے درمیان خوشیاں بانٹیں۔ ریاست کے سرکردہ سیاسی قائدین اور ممتاز ہستیوں نے ضمیر احمد خان کو جنم دن کی مبارکباد پیش کی اور اپنی نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔جنم دن کی مناسبت سے چامراج پیٹ اسمبلی حلقہ میں آنے والے آزاد نگر سرکاری اسکول، میسور روڈ پر آنے والے بارلین سرکاری اسکول،چامراج پیٹ عید گاہ سے متصل بی بی ایم پی اسکول پہنچ کر ضمیر احمد خان نے بچوں میں بیگ تقسیم کئے۔