حلف برداری کی تقریب کھرگے کی نشست پر اپوزیشن نے چیئرمین کو خط لکھا

نئی دہلی:25 جولائی (یو این آئی) پارلیمنٹ کے سنٹرل ہال میں پیر کو اپوزیشن لیڈر ملک ارجن کھرگے کو نومنتخب صدر دروپدی مرمو کی حلف برداری کی تقریب میں ان کے عہدے کے مطابق مناسب نشست نہیں ملنے پر اپوزیشن کے اراکین نے احتجاج کا اظہار کرتے ہوئے چیرمین ایم وینکیا نائیڈو کو خط لکھا ہے۔ کانگریس کے سینئر لیڈر جئے رام رمیش نے پیر کو ٹویٹ کرکے اطلاع دی کہ راجیہ سبھا میں اپوزیشن کے ارکان نے مسٹر نائیڈو کو ایک خط لکھ کر اس بات پر احتجاج کیا کہ قائد حزب اختلاف مسٹر کھرگے کو نومنتخب صدر دروپدی مرمو کی حلف برداری کی تقریب میں بٹھانے کیلئے ان کے عہدے کے مطابق جگہ پرسیٹ نہیں دی گئی۔ اس خط میں ارکان نے کہا ہے کہ مسٹر کھرگے کافی سینئر لیڈر ہیں اور پروٹوکول کے مطابق ان کا احترام کرنا ایک روایت رہی ہے۔ اس کو نظر انداز کیا جائے تو حیرت اور افسوس کی بات ہے۔ ارکان نے کہا ہے کہ وہ اس کی شدید مخالفت کرتے ہیں۔ بعد ازاں اپوزیشن ارکان نے بھی یہ معاملہ ایوان میں اٹھایا۔ قائد ایوان پیوش گوئل نے اس الزام کو مسترد کردیا کہ قائد حزب اختلاف ملک ارجن کھرگے کوتقریب میں مناسب نشست نہیں دی گئی تھی۔مسٹر گوئل نے کہا کہ اپوزیشن لیڈر کو پروٹوکول کے مطابق مناسب جگہ دی جاتی ہے۔ حال ہی میں سینٹرل ہال میں منعقدہ ایک تقریب میں قائد حزب اختلاف کیلئے مقرر نشست خالی پڑی رہی۔