او مائی گاڈ!مہنگائی پرراشٹریہ سویم سیوک سنگھ بھی فکرمندہوگیا

نئی دہلی:24جولائی (ایجنسی) آر ایس ایس کے جنرل سکریٹری دتاتریہ ہوسبولے نے ہفتہ کے روز کہا کہ مہنگائی اور کھانے کی قیمتوں پر سنجیدگی سے غور کرنے کی ضرورت ہے اور اس بات پر زور دیا کہ لوگ چاہتے ہیں کہ کھانا، کپڑا اور مکان سستے ہوں کیونکہ یہ بنیادی ضروریات ہیں۔ہوسبولے نے آج تک کی تمام حکومتوں کو زراعت میں ہندوستان کو خود انحصار بنانے کا سہرا دیا۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ اگرچہ ضروری اشیاء سب کیلئے سستی ہونی چاہئیں، لیکن کسانوں کو اس کا نقصان نہیں اٹھانا چاہئے۔ یہ بیان کھانے کی اشیاء جیسے آٹا اور دہی پر جی ایس ٹی کے نفاذ کے بعد آیا ہے۔ دتاتریہ ہوسبولے آر ایس ایس سے وابستہ بھارتیہ کسان سنگھ کے ذریعہ انڈین کونسل آف ایگریکلچرل ریسرچ اور انڈین سنٹر فار ایگریکلچرل اکنامک ریسرچ کے ساتھ مل کر زراعت پر ایک بین الاقوامی کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے۔راشٹریہ سویم سیوک سنگھ کے لیڈر کا یہ تبصرہ ایسے وقت میں آیا ہے جب اپوزیشن پارٹیوں کی طرف سے مرکزی حکومت پر بڑھتی ہوئی قیمتوں اور آٹے و دہی جیسی بنیادی اشیائے خورونوش پر جی ایس ٹی کے نفاذ کے معاملے پر سخت حملہ کیا گیا ہے۔ کھانے پینے کی اشیاپر جی ایس ٹی کو لے کر اپوزیشن حکومت پر حملہ آور ہے۔ہوسبولے نے کہا کہ افراط زر اور خوراک کی قیمتوں کے درمیان تعلق کے معاملے پر سنجیدگی سے غور کرنے کی ضرورت ہے۔ ان کی جانب سے مزید کہا گیا کہ لوگ صنعتی مصنوعات کیلئے زیادہ قیمت ادا کرنے کو تیار ہیں لیکن کھانے پینے کی اشیاکیلئے نہیں۔یہ واضح ہے کہ لوگ چاہتے ہیں کہ خوراک، لباس اور مکان سستے ہوں کیونکہ یہ زندگی گزارنے کیلئے بنیادی ضروریات ہیں۔ یہ بھی کہا کہ کوآپریٹو سوسائٹیاں اس سلسلے میں بڑا کردار ادا کر سکتی ہیں۔ زراعت کے شعبے میں ترقی کے بارے میں بات کرتے ہوئے ہوسبولے نے کہا کہ گزشتہ 75 سالوں میں زراعت میں ترقی ہم سب کیلئے فخر کی بات ہے۔ہندوستان بھیک مانگنے والے پیالے سے (غذائی اناج میں) برآمد کرنے والا ملک بن گیا۔ ہندوستان نہ صرف غذائی اجناس کے معاملے میں خود کفیل ہوا ہے بلکہ اسے دوسرے ممالک میں بھی بھیج سکتا ہے اور اس کا سہرا آج تک کی تمام حکومتوں، سائنسدانوں اور کسانوں کو جاتا ہے۔کسانوں کے قد کو بڑھانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے ہوسبولے نے کہا کہ زراعت کو پرکشش بنانے کیلئے ایک تحریک کی ضرورت ہے جس سے دیہاتوں سے شہروں کی طرف تیزی سے نقل مکانی کو روکنے میں مدد ملے گی۔ کسانوں کیلئے کوئی یقینی آمدنی نہیں ہے اور ان کی روزی روٹی کئی بیرونی عوامل جیسے بارشوں پر منحصر ہے۔ بڑھتے ہوئے اخراجات جیسے چیلنجز ہیں۔انھوں نے کہا کہ لیکن جن چیزوں سے میں ملک پیچھے رہ رہا ہے وہ ہے معاشرے میں کسان کی سماجی حیثیت۔ حکومتی پروگراموں کی نچلی سطح پر بھی، میں نے وکلااور اسکول کے پرنسپلوں کو مدعو کیا ہے، لیکن کسانوں کو نہیں۔ یہ بھی کہا کہ دیہی صنعت کاری پر زیادہ توجہ دینے کی ضرورت ہے جس سے دیہات سے شہروں کی طرف غیر منصوبہ بند ہجرت کو روکا جا سکتا ہے۔ پی وی نرسمہا راؤ کے ذریعہ شروع کئے گئے این سی آر آئی جیسے اداروں کو مضبوط کرنے کی ضرورت ہے۔