رانیل وکرما سنگھے سری لنکا کے صدر منتخب، احتجاج جاری رہنے کا اندیشہ

RushdaInfotech July 21st 2022 urdu-news-paper
رانیل وکرما سنگھے سری لنکا کے صدر منتخب، احتجاج جاری رہنے کا اندیشہ

کولمبو: 20جولائی (ایجنسی)رانیل وکرما سنگھے سری لنکا کے آٹھویں صدر منتخب ہو گئے۔ پارلیمان میں تین امیدواروں میں سب سے زیادہ ووٹ قائم مقام صدر نے حاصل کیے۔بدھ کو پارلیمنٹ کے 225/ ارکان نے نئے صدر کے انتخاب کیلئے ووٹنگ میں حصہ لیا۔خبر رساں ادارے ’رائٹرز‘ کے مطابق رانیل وکرما سنگھے نے 134 ووٹ حاصل کیے جب کہ ان کے مدِ مقابل ڈلاس الہاپروما نے 84 / اور تیسرے امیدوار انورا کمارا نے صرف تین ووٹ حاصل کیے۔بعض قانون ساز اب یہ امید ظاہر کر رہے ہیں کہ رانیل وکرما سنگھے ملک کو بد ترین معاشی بحران اور سیاسی انتشار کی صورتحال سے نکال لیں گے۔ دوسری جانب عوامی سطح پر ان کے حوالے سے مخالفت موجود ہے۔بعض رپورٹس کے مطابق رانیل وکرما سنگھے کے صدر بننے کے بعد ایک بار پھر ملک میں احتجاج کا سلسلہ شروع ہو سکتا ہے کیوں کہ سابق وزیرِ اعظم مہندا راجا پکسے کے مئی میں مستعفی ہونے کے بعد سابق صدر گوتابایا راجا پکسے نے پارلیمان میں ایک نشست رکھنے والے رانیل وکرما سنگھے کو حکومت اور کابینہ بنانے کی منظوری دی تھی۔ان کی وزارتِ عظمیٰ کے دوران بھی احتجاج ختم نہیں ہو سکا تھا اور مظاہرین، صدر اور وزیرِ اعظم کے دفاتر اور گھروں میں داخل ہو گئے تھے۔احتجاج میں شدت آنے کے بعد گزشتہ ہفتے سابق صدر گوتابایا راجا پکسے ملک سے فرار ہو گئے تھے۔ گوتابایا راجا پکسے پہلے مالدیپ اور پھر سنگاپور پہنچے تھے۔ انہوں نے امریکہ جانے کی بھی کوشش کی تھی تاہم ان کو امریکہ کا ویزا نہیں مل سکا تھا۔ انہوں نے صدر بننے سے قبل امریکہ کی شہریت ترک کی تھی۔گوتابایا راجا پکسے کے ملک سے فرار ہونے کے بعد وہ گزشتہ ہفتے جمعہ کو صدارت سے مستعفی ہو گئے تھے، جس کے بعد وزیرِ اعظم رانیل وکرما سنگھے قائم مقام صدر بن گئے تھے۔ان کے قائم مقام صدر بننے کے بعد پارلیمان کے اسپیکر مہندا یاپا نے اعلان کیا تھا کہ ایک ہفتے میں نئے صدر کا انتخاب ہو جائے گا۔ پارلیمان نے ہفتے سے ہی نئے صدرکے انتخاب کا عمل شروع کر دیا تھا۔ ’رائٹرز‘ کے مطابق بدھ کو پارلیمنٹ کے سکریٹری جنرل نے ووٹوں کی گنتی کے بعد اعلان کیا کہ رانیل وکرما سنگھے ملک کے آئین کے تحت آٹھویں صدر منتخب ہو گئے ہیں۔واضح رہے کہ سری لنکا میں صدر کے پاس یہ اختیار ہوتا ہے کہ وہ ملک کے وزیرِ اعظم کا تقرر کرے۔ بعد ازاں اس تقرر کی منظوری پارلیمان سے بھی لی جاتی ہے اور وزیرِ اعظم حکومت چلانے کیلئے کابینہ تشکیل دیتا ہے۔معاشی بحران کے شکار سری لنکا میں پیٹرول کی رسد شدید متاثر ہے اور پیٹرول کی بچت کیلئے حکومت نے غیر ضروری دفاتر اور اسکولوں میں تعلیمی سلسلے کو بھی بند کر رکھا ہے۔


Recent Post

Popular Links