افغانستان میں زلزلہ سے خوفناک تباہی 1000سے زیادہ افراد جاں بحق، ہزاروں مکان زمین بوس،1500سے زائدزخمی

RushdaInfotech June 23rd 2022 urdu-news-paper
 افغانستان میں زلزلہ سے خوفناک تباہی  1000سے زیادہ افراد جاں بحق، ہزاروں مکان زمین بوس،1500سے زائدزخمی

کابل، 22جون (ایجنسی)افغانستان میں منگل اور چہارشنبہ کی شب زلزلے کے باعث ہونے والی تباہی کے نتیجے میں 1000سے زیادہ افرادجاں بحق اور تقریباً1500سے زائدزخمی ہو گئے ہیں - اطلاعات کے مطابق صوبہ خوست اور پکتیا کی ایسی صورتحال ہے، جیسے قیامت صغریٰ برپا ہوگئی ہو، ہر طرف افراتفری اور زمین بوس مکان نظر آرہے ہیں -طالبان حکومت کی وزارتِ برائے قدرتی آفات کے نائب وزیر مولوی شریف الدین مسلم نے کابل میں پریس کانفرنس کے دوران بتایا کہ زلزلے کے نتیجے میں صوبہ پکتیا اور خوست میں ہزاروں گھر تباہ ہو چکے ہیں -خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق امریکی جیالوجیکل سروے کے مطابق زلزلے کا مرکز افغانستان کے جنوب مشرقی شہر خوست سے44کلو میٹر دور کا علاقہ تھا جب کہ اس کی گہرائی51کلو میٹر ریکارڈ کی گئی ہے-زلزلے کے جھٹکے پاکستان کے دارالحکومت اسلام آباد سمیت کوہاٹ، مالاکنڈ، سوات، بونیر اور دیگر شہروں میں بھی محسوس کیے گئے ہیں - تاہم پاکستان سے فوری طور پر ہلاکتوں اور مالی نقصان کی کوئی معلومات نہیں آسکی ہیں -خبر رساں ادارے اسوسی ایٹیڈ پریس کے مطابق افغان حکام نے تصدیق کی ہے کہ ملک کے مشرقی حصے میں زلزلے کے نتیجے میں کم از کم900/ افراد ہلاک ہوئے ہیں - افغانستان کی سرکاری نیوز ایجنسی بختیار کی رپورٹ کے مطابق امدادی کارکن ہیلی کاپٹروں کی مدد سے متاثرہ مقامات تک پہنچ رہے ہیں - اسی نیوز ایجنسی کے ڈائریکٹر جنرل عبدالوحید ریان نے ایک ٹویٹ میں بتایا کہ صرف پکتیا صوبے میں 90گھر منہدم ہوئے ہیں اور درجنوں افراد کے ملبے تلے دبے ہونے کا خدشہ ہے-طالبان حکومت کے نائب ترجمان بلال کریمی کے مطابق پکتیا صوبے کے چار اضلاع میں بڑے پیمانے پر تباہی ہوئی ہے جہاں سینکڑوں افراد ہلاک و زخمی ہوئے ہیں جب کہ درجنوں مکانات تباہ ہو چکے ہیں -انہوں نے ایک ٹویٹ میں امدادی اداروں سے اپیل کی کہ وہ فوری طور پر متاثرہ علاقوں میں پہنچیں تاکہ بڑی تباہی سے بچا یاجا سکے-


Recent Post

Popular Links