موت کی دھمکی کے بعد بڑھائی گئی سلمان خان کی سکیورٹی

ممبئی: 6 جون (ایجنسی) سلمان خان اور ان کے والد سلیم خان کو حال ہی میں ایک نامعلوم شخص کی جانب سے خط لکھ کر جان سے مارنے کی دھمکی دی گئی تھی جس کے بعد اداکار کی سکیورٹی بڑھا دی گئی ہے۔ دھمکی آمیزخط میں واضح الفاظ میں لکھا تھا کہ میں موسے والا حال جیسا کردوں گا۔باندرہ پولیس نے حرکت میں آتے ہوئے اس معاملے میں کیس درج کرکے تحقیقات شروع کردی ہیں۔ اس دوران ممبئی پولیس کی ایک ٹیم پیر کو سلمان خان کے گھر گلیکسی اپارٹمنٹس پہنچی اور پوچھ گچھ بھی کی۔مہاراشٹر کے محکمہ داخلہ نے اداکار سلمان خان اور ان کے والد سلیم خان کی سکیورٹی بڑھا دی ہے۔ اس وقت آرای افسر سلمان خان کے گھر پہنچ گئے ہیں۔ بتادیں کہ 5 جون2022 کو سلمان اور سلیم خان کو دھمکی آمیز خط بھیجا گیا تھا جس کے بعد نامعلوم شخص کے خلاف ایف آئی آر درج کی گئی تھی۔اس کے بعد پولیس نے تفتیش شروع کر دی ہے۔
وہیں خبریں آرہی ہیں کہ تحقیقات کے بعد کرائم برانچ کی ٹیم سلمان خان کے گھر سے نکل رہی ہے۔پنجابی گلوکارسدھو موسے والا کے قتل کے بعد سلمان خان کی سکیورٹی بڑھا دی گئی۔ اطلاعات کے مطابق گلوکار کے قتل کا تعلق لارنس بشنوئی گینگ سے ہے جس کی وجہ سے سلمان کی جان کو بھی خطرہ بتایا جا رہا ہے۔سدھوموسے والا کے قتل کے چھ دن بعد سلیم خان کو اتوار کی صبح تقریباً آٹھ بجے دھمکی آمیز نوٹ موصول ہوا۔ آپ کو بتاتے چلیں کہ سلیم خان اس وقت اکثر جاگنگ کیلئے باہر جاتے ہیں۔مصنف اور فلمسازسلیم خان کو خط اسی بنچ پر پڑا ہوا ملا جس پر وہ عام طور پر چہل قدمی کے بعد بیٹھا کرتے ہیں۔ اس واقعے کے بعد خان خاندان نے ممبئی پولیس سے رجوع کیا اور معاملہ پر سرکاری ایف آئی آر درج کرائی۔