ہاردک پٹیل2جون کو بی جے پی میں شامل ہوں گے

RushdaInfotech June 1st 2022 urdu-news-paper
ہاردک پٹیل2جون کو بی جے پی میں شامل ہوں گے

احمد آباد-31مئی (یو این آئی) گجرات میں اس سال کے آخر میں ہونے والے اسمبلی انتخابات سے پہلے پاٹیدار لیڈر ہاردک پٹیل نے تصدیق کی ہے کہ وہ2جون کو بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) میں شامل ہوں گے -بی جے پی ذرائع نے منگل کو یہ اطلاع دی-اس سے پہلے18مئی کو مسٹر پٹیل نے کانگریس اور ریاستی قیادت پر حملہ کرتے ہوئے پارٹی کی بنیادی رکنیت سے استعفیٰ دے دیا تھا-بی جے پی ذرائع نے بتایا کہ ہاردک کے2جون کو پارٹی کے ریاستی ہیڈکوارٹر گاندھی نگر کے قریب سریکلم کوبا میں باضابطہ طور پر پارٹی میں شامل ہونے کا امکان ہے - ذرائع نے بتایا کہ وہ وزیراعلیٰ بھوپیندر پٹیل اور پارٹی کے ریاستی صدر سی آر پاٹل کی موجودگی میں بھگوا پارٹی میں شامل ہوسکتے ہیں -واضح رہے کہ2015کے پاٹیدار ریزرویشن تحریک کے بعد سرخیوں میں آنے والے28سالہ ہاردک پٹیل نے گزشتہ لوک سبھا انتخابات سے قبل مارچ2019میں کانگریس میں شمولیت اختیار کی تھی اور جولائی 2020میں کانگریس نے انہیں پارٹی کا ریاستی کارکن بنایا تھا-ہاردک نے کانگریس صدر سونیا گاندھی کو اپنے استعفیٰ نامہ میں کئی چیزوں کا ذکر کیا تھا- انہوں نے رام مندر اور دفعہ370کی منسوخی جیسے مسائل کی وکالت کی تھی- اس سے ان قیاس آرائیوں کو ہوا ملی کہ وہ جلد ہی حکمراں جماعت بی جے پی میں شامل ہو جائیں گے -گجرات میں اس سال کے آخر تک اسمبلی انتخابات ہونے والے ہیں - یہ بھی قیاس آرائی تھی کہ مسٹر ہاردک پہلے عام آدمی پارٹی میں شامل ہونا چاہتے ہیں -ریاست میں ریزرویشن کی پرتشدد تحریک کے دوران انہیں غداری کے دو الزامات پر جیل میں طویل عرصہ گزارنا پڑا- ان کے احتجاج کی وجہ سے اس وقت کی وزیر اعلیٰ آنندی بین پٹیل کو اپنے عہدے سے دستبردار ہونا پڑا تھا-ریاست میں 2017کے اسمبلی انتخابات میں اس ایجی ٹیشن کے اثر کی وجہ سے بی جے پی کی کارکردگی کافی مایوس کن رہی اور وہ کسی طرح اقتدار میں واپس آنے میں کامیاب ہو گئی-
اس سے پہلے کانگریس کے سابق ایم ایل اے الپیش ٹھاکر جس نے گزشتہ انتخابات میں بی جے پی کی سخت مخالفت کی تھی، پہلے ہی بی جے پی میں شامل ہو چکے ہیں -


Recent Post

Popular Links